حکومت عوام کو صحت کی بنیادی اور جدید سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے، سید خورشید شاہ

پیر 13 اپریل 2009 17:05

سکھر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔13اپریل 2009 ء) وفاقی وزیرمحنت وافرادی قوت سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سندھ سمیت ملک بھر میں عوام کو صحت کی بنیادی اور جدید سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے، ،سکھر، لاڑکانہ، نوابشاہ سمیت متعدد علاقوں کے سرکاری اسپتالوں میں سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی کی مشینیں لگائی جائیں گی، کراچی ، نوابشاہ اور لاڑکانہ میں سی ٹی اسکین کی سہولیات موجود ہیں جبکہ سکھر میں جلد ہی سی ٹی اسکین سول اسپتال میں نصب کی جائیگی اور اس کے بعد ان علاقوں میں ایم آر آئی کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

پیپلز پارٹی سٹی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ارشد مغل کی قیادت میں ملنے والے مختلف علاقوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے صحت کے شعبے میں عوام کو علاج کی جدید سہولیات مہیا کرنے کے لیے موجودہ بجٹ میں 142فیصد اضافہ کیا ہے اور محکمہ صحت سندھ کے ترقیاتی فنڈز کا بجٹ 1250ملین سے بڑھاکر 2900ملین کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت سندھ صوبے کے تمام سرکاری اسپتالوں کا جائزہ لے رہی ہے، جس کے دوران جن اسپتالوں میں ضرورت ہوگی وہاں ترقیاتی کام کرائے جائیں گے اور انہیں اپ گریڈ کیاجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی کی مشینیں بہت زیادہ مہنگی ہیں اس کے باوجود حکومت ان مشینوں کی سکھر، لاڑکانہ، نوابشاہ سمیت دیگر شہروں کے سرکاری اسپتالوں میں تنصیب کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے تاکہ سندھ بھر کے تمام اضلاع کے سرکاری اسپتالوں میں غریب عوام کو صحت کی جدید سہولیات مہیا کی جاسکیں اور اندرون سندھ کی عوام کو صحت کی جدید سہولیات کے لیے کراچی یا دیگر بڑے شہروں میں نہ جاناپڑے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے ہیں اور موجودہ بجٹ میں 142فیصد اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت صحت کے شعبے کو بہتر بنانے میں سنجیدگی سے کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سکھر میں غلام محمد مہر میڈیکل کالج کو پی۔ ایم۔ ڈی ۔ سی سے تسلیم کئے جانے کے بعد یہاں کی عوام میں اس حوالے سے پائی جانے والی تشویش کا خاتمہ ہوا ہے اور طلبہ وطالبات کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صحت سمیت عوام کے تمام بنیادی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرے گی جس کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، پارٹی کے شریک چیئرمین صدر پاکستان آصف علی زرداری نے تمام وفاقی ، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی سمیت پارٹی کے عہدیداران کو ہدایات دیں ہیں کہ وہ اپنے علاقوں میں کھلی کچہریاں منعقد کریں ، عوام کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں تاکہ ان کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :