حکومت صوبے میں خواتین کے مسائل حل کرنے اور انہیں ترقی کے تمام شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ آگے لانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، توقیر فاطمہ بھٹو

پیر 13 اپریل 2009 17:06

سکھر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔13اپریل 2009 ء)صوبائی وزیر خواتین کی ترقی توقیر فاطمہ بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں خواتین کے مسائل حل کرنے اور انہیں ترقی کے تمام شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ آگے لانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔آٹھ سالہ سابقہ آمرانہ دور میں دیگر شعبوں کی طرح خواتین کے شعبوں کو بھی بری طرح نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے صوبے میں خواتین کے مسائل میں اضافہ ہوا حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے میں تعلیم ،صحت سمیت دیگر شعبوں میں ہنگامی بنیادوں پر بہتری لائی جائے خاص طور پر تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ایسے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے تحت پسماندہ علاقوں میں ان تمام بچیوں کو تعلیمی اداروں میں لایا جائے جو مختلف مسائل کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں آنے سے قاصر ہیں ۔

(جاری ہے)

وہ یاسمین بھٹی کی قیادت میں ملنے والے خواتین کے سکھر کے وفد سے بات چیت کر رہی تھیں۔ توقیر فاطمہ بھٹو نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت غریب اور مستحق خواتین کی حوصلہ افزائی ہوگی کیونکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو غریب عوام کی خوشحالی چاہتی تھیں اور انہوں نے غریب عوام کے حقوق کے حصول کی جدوجہد میں اپنی جان کی پرواہ بھی نہیں کی اور تما م تر خطرات کے باوجود وطن واپس آکر عوامی جدوجہد کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ہمیں اپنی شہید قائد پر فخر ہے اور پیپلز پارٹی کی قیادت و کارکن اپنی شہید قائد محترمہ بے نظیر بھٹو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے خواتین سمیت ملک بھر کے عوام کے مسائل کو حل کریں گے۔

موجودہ حکومت اور صدر پاکستان آصف علی زرداری ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کو یقینی بنانے ، جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے اور عوام کے مسائل کو حل کرنے ، ملک کو معاشی بحران سے نکالنے ، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے ،خواتین کی ترقی کے لئے جو اقدامات کر رہے ہیں اس کے مثبت نتائج ملیں گے اور وہ وقت دور نہیں جب عوام کو ان کے بنیادی مسائل سے چھٹکارا مل جائے گا۔