وزیر اعلی پنجاب نے صوبہ کے عوام کو علاج معالجہ کی معیاری اورجدید طبی سہولتوں کی فراہمی کا پختہ عزم کر رکھا ہے،رانا ثناء الله

پیر 4 مئی 2009 20:30

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 مئی ۔2009ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ کے عوام کو علاج معالجہ کی معیاری اورجدید طبی سہولتوں کی فراہمی کا پختہ عزم کر رکھا ہے لہذا ان کے ویژن کے تحت فیصل آبا د انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دل کے مریضوں کو عمدہ طبی سہولتوں کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور خصوصا غریب ‘ مستحق اور بے وسیلہ مریضوں کے علاج پر خصوصی توجہ ڈاکٹروں اور انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ مریض کسی سفارش اور مشکلات کاسامنا کئے بغیر حکومت پنجاب کی مفت ادویات اور جدید طبی سہولتوں سے کماحقہ استفادہ کر سکیں- یہ بات صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے فیصل آبا د انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 8 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم ہونے والے شعبہ انجیوگرافی کے افتتاح کے بعد بریفنگ کے دوران کہی- اراکین صوبائی اسمبلی خواجہ اسلام‘ رانا افضل‘ مک نواز ‘ رضا نصر الله گھمن‘ خلیل طاہر سندھو‘ افشاں فاروق ‘ ڈاکٹر غزالہ رانا ‘ قائمقام کمشنر سعد واہلہ‘ چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی خواجہ عاصم خورشید اور دیگر اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے- صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ دل کے امراض کے اس جدید ہسپتال سے فیصل آبا د و سرگودھا ڈویژن اور ملحقہ اضلاع کے مریض استفادہ کر رہے ہیں لہذا اس ادارے کا نام بلند کرتے ہوئے اس میں علاج‘ انتظامی معاملات اور صفائی کے معیار کا تاثر ایسا منفرد ہو جس پرلوگ بھرپور اعتماد کرتے ہوئے یہاں دستیاب سہولتوں اور ماہر ڈاکٹروں کی خدمات سے سو فیصد مستفید ہو سکیں- انہوں نے ڈاکٹروں کے جذبہ خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت کا یہ عزم برقرار رکھا جائے- انسٹی ٹیوٹ کے لئے جس قدر فنڈز درکار ہونگے وزیر اعلی پنجاب سے ان کی منظوری کے لئے درکواست کی جائے گی اور جہان سے بھی ا علی پیشہ وارانہ مہارت کے حامل ڈاکٹر دستیاب ہونگے ان کا بندوبست کیا جائے گا - انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کی کارکردگی میں اضافہ اور تیزی سے اسکے مختلف شعبے کی تکمیل کے سلسلے میں سٹیرنگ کمیٹی اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کی کاوشوں کی تعریف کی - چیئرمین سٹیرنگ کمیٹی کواجہ عاصم خورشید نے بتایا کہ اس سال یکم جولائی سے اس ہسپتال میں ہارٹ سرجری شروع ہو جائے گی جس کے لئے تمام ترقیاتی تیاریاں تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں - پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر جاوید اقبال نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ترمیم شدہ بجٹ کے مطابق اس انسٹی ٹیوٹ پر لاگت کا تخمینہ ایک ارب 52 کروڑ86 لاکھ روپے ہے جس میں سے77 کروڑ20 لاکھ روپے عمارت کی تعمیر کا حصہ ہے- انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور مریصوں کو ہر قسم کی ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں جس کے لئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے 7 کروڑ روپے فندز فراہم کئے ہیں -انہوں نے بتایا کہ روزانہ اوسط مریضوں کی تعداد پانچ سو چھ تک ہے -جبکہ نومبر2007ء سے اب اس ادارہ سے ایک لاکھ 83 ہزار 695 مریض مستفید ہو چکے ہیں اور اب انجیوگرافی اور انجیو پلاسٹی کی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں - انہوں نے بتایا کہ نجی ہسپتالوں میں انجیوگرافی کے لئے 20 سے 30 ہزار روپے وصول کئے جارہے ہیں جبکہ اس ادارہ میں صرف چھ سے سات ہزار روپے چارج کئے جاتے ہیں -قبل ازیں صوبائی وزیر قانون نے تختی کی نقاب کشائی کرکے شعبہ انجیوگرافی کا افتتاح کیا اور ادارہ کے مختلف حصے دیکھے بعدازاں میڈیا گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا کہ اس انسٹی ٹیوٹ کی ناقص تعمیر میں ملوث عناصر کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور ان سے لوٹی ہوئی رقم واپس لی جائے گی-انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی ہدایات پر اس ادارہ میں دل کے مریضوں کو بین الاقوامی معیار کے علاج کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں -

متعلقہ عنوان :