ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری پر بمباری ہیں، امریکا نے بمباری کا اختیار کہاں سے حاصل کیا ،رکن امریکی کانگریس

جمعرات 7 مئی 2009 13:41

ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری پر بمباری ہیں، امریکا نے بمباری کا ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 مئی ۔2009ء) امریکی کانگریس کے ریپبلکن رکن رونالڈ ارنیسٹ پال نے پاکستان پر امریکا کے ڈرون حملوں کو خود مختار ملک پر بمباری قرار دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے رونالڈ ارنیسٹ پال نے امریکا کی خارجہ پالیسی پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پالیسی کی وجہ سے دنیا بھر میں امریکا کے خلاف غم و غصہ بڑھ رہا ہے۔

پال نے کہا کہ امریکا خود مختار ملک پاکستان پر بمباری کررہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ امریکا نے بمباری کا یہ اختیار کہاں سے حاصل کیا ہے، کیا پاکستان کی حکومت نے جنگ وسیع کرنے اور بمباری کرنے کی تحریری اجازت دی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ امریکا دنیا بھر میں جمہوریت کے فروغ کا علمبردار بنا ہوا ہے لیکن اپنے ہر مخالف کو طالبان قرار دے رہاہے اور ہزاروں پختونوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکا نے سوویت یونین کے انجام سے سبق نہیں سیکھا ڈرون حملوں سے یہ پیغام دیا جارہا ہے کہ امریکا خطے سے جانے والا نہیں حالانکہ عراق جنگ سے بھی امریکا کو کھربوں ڈالر کے اخراجات کے باوجود لاشوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔واضح رہے کہ رونالڈ ارنیسٹ پال نے گزشتہ صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کا امیدوار بننے کی کوشش کی تھی لیکن کافی توجہ حاصل کرنے کے باوجود ناکام رہے تھے۔

متعلقہ عنوان :