دسمبر 2009 کے بعد ملک میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی، راجا پرویز اشرف

منگل 2 جون 2009 17:58

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 جون ۔2009ء) وفاقی وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ31 دسمبر 2009 ء کے بعد ملک میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی۔ وہ منگل کو فیسکو ملازمین کے ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو لوڈ شیڈنگ ، امن وا مان اور بے روز گاری سمیت مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے جن پر قابو پانے کے لئے صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ویژن اور وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

بجلی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بجلی ملکی ترقی اور عوام کی بہبود کے لئے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک کو 3500 میگا واٹ بجلی کی کمی کا سامنا تھا ۔ ہم نے ایک دن بھی ضائع کئے بغیر منظم منصوبہ بندی کے ذریعے اقدامات کئے اور اس سلسلہ میں 4بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے جس سے نومبر ، دسمبر تک 3500 میگا واٹ بجلی سسٹم میں آ جائیگی اور لوڈ شیڈنگ کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 1994ء میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے دور میں بھی ملک کو بجلی کی کمی کا سامنا تھا تاہم ان کی دو رس پالیسیوں کی بدولت آئی پی پیز کے ذریعے 5 سے ساڑھے 5 ہزارمیگا واٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت ایسی منصوبہ بندی کر رہی ہے کہ بجلی کی کمی پر قابو پانے کے بعد ایسے اقدامات کئے جائیں کہ مستقبل میں بھی بجلی کی کمی پیدا نہ ہونے دی جائے اور ہم کسی کو یہ بحران ورثے میں دے کر نہ جائیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی کی قیمت اور بلنگ میں 164 ارب روپے کا فرق ہے جو براہ راست حکومت پر بوجھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے پلانٹ آرہے ہیں اور دسمبر تک ہم اتنی بجلی پیدا کر لیں گے جس کی اس وقت کمی ہے۔ انہوں نے میڈیا کے حوالے سے کہا کہ ملک کے مسائل کو مثبت اور تعمیری انداز میں آگے بڑھانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 3500 میگا واٹ کی کمی کے بر عکس ہمسایہ ملک انڈیا میں 40000 میگا واٹ کی کمی ہے جبکہ وہاں کا رخانوں کو صرف 5 دن کے لئے بجلی مہیا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام قوتیں مل کر ملک کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کریں۔