فیصل آباد پولیس کا چالیس کلوگرام آتش گیر مادے سے بھری وین پکڑنے اور تین نوجوانوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

بدھ 15 جولائی 2009 18:16

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جولائی ۔2009ء) فیصل آباد پولیس نے چالیس کلوگرام آتش گیر مادے سے بھری وین پکڑنے اور تین نوجوانوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔فیصل آباد کے ڈی ایس پی اسد الرحمان کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب جھنگ روڈ پر پولیس ناکے پر ایک سفید رنگ کی مشتبہ گاڑی کو پکڑا گیا جس کے اندر سے چالیس کلوگرام کے قریب بارود اور دیگر دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں سوار تین نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے جن کی عمریں بیس سے بائیس سال کے درمیان ہیں۔

(جاری ہے)

گرفتار ہونے والوں میں سے دو کا تعلق وزیر آباد اور ایک کا ڈسکہ سے بتایا گیا ہے۔ان تینوں افراد کے خلاف ایکسپلوسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ڈی ایس پی اسد الرحمن کے مطابق تینوں لڑکوں کو سخت نگرانی میں رکھا گیا ہے اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔خیال رہے کہ لاہور میں ون فائیو کی عمارت اور جامعہ نعیمہ میں ہونے والے خود کش حملوں کے بعد پنجاب پولیس نے سکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کرتے ہوئے جگہ جگہ پولیس ناکوں پر گاڑیوں کی چیکنگ شروع کر رکھی ہے اور ان سکیورٹی انتظامات میں اضافے کے بعد سے پولیس کو کامیابیاں بھی حاصل ہوئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :