پی ایچ ایف جبری ریٹائرمنٹ لینا چاہتی ہے ، مکمل فٹ ہوں اور کھیلنا چاہتا ہوں ، محمد ثقلین کی ”اردوپوائنٹ “سے خصوصی گفتگو

بدھ 5 اگست 2009 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اگست ۔2009ء) قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپئن محمد ثقلین نے ”اردوپوائنٹ “سے بات چیت کرتے ہوئے کہاہے کہ پی ایچ ایف اُن سے جبری ریٹائرمنٹ لیکر مزید ہاکی کھیلنے سے رکھنا چاہتی ہے ، لیکن مکمل طور پر فٹ ہوں اور مزید چند سال تک پاکستان کیلئے ہاکی کھیلنا چاہتا ہوں ۔محمد ثقلین نے کہاکہ پی ایچ ایف انتظامیہ نے انہیں انگلینڈ کے دورہ سے ڈراپ کرتے ہوئے آن ریکارڈ کہاکہ آپ اپنی ٹریننگ جاری رکھیں اور ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے تیار ہیں لیکن چند روز سے پی ایچ ایف کے اعلیٰ عہدیدار مجھے ریٹائرمنٹ لینے پر مجبور کررہے تھے اور مجھے آفرز کی گئی کہ میں ہاکی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردوں مجھے اس کے بدلے بھاری معاوضے پر جونیئر کا ٹیم کوچ تعینات کیا جائیگا ، پی ایچ ایف کی جانب سے اس طرح کی آفرز سن کر میں پریشان ہوگیا اور میں نے اپنی فیملی سے رائے طلب کرنے کی مہلت مانگی ، بعدازاں میں نے واضع الفاظ میں فیڈریشن سے کہاکہ میں مزید کھیلنا چاہتا ہوں لیکن بلاوجہ مجھے زبردستی ریٹائرمنٹ پر مجبورکیا جارہا ہے اور بغیر کسی وجہ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے تربیتی کیمپ سے ڈراپ کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

محمد ثقلین نے مزید بتایا کہ میں اس بارے میں کچھ نہیں جانتے کہ پی ایچ ایف کی انتظامیہ مجھے کیوں سائیڈ لائن پر بٹھانا چاہتی ہے ،میرا ہمیشہ سے ٹیم کے سپر فٹ کھلاڑیوں میں شمار ہوتا چلا آیا ہے اور اس وقت بھی میری فٹنس ٹیم کے دیگر اہم کھلاڑیوں کے برابر ہے لیکن مجھے بلاوجہ ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔محمد ثقلین نے کہاکہ وہ دس سال سے پاکستان کیلئے ہاکی کھیل رہے ہیں اور ہمیشہ پاکستان کو جتوانا کی کوشش کی اور وہ مزید کئی سال کیلئے کھیلنا چاہتے ہیں ۔واضع رہے کہ پاکستان نے محمد ثقلین کی قیادت میں ربوٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ 2004ء کے کامن ویلتھ گیمز میں ان کی قیادت میں پاکستان نے فائنل کھیلا ۔محمد ثقلین پاکستان کی جانب سے300سے زائد میچز کھیل چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :