لائیو اسٹاک معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ہمایوں عزیز

منگل 11 اگست 2009 20:36

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اگست ۔2009ء) وفاقی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ میر ہمایوں عزیز کرد نے کہا ہے کہ لائیو سٹاک شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، حکومت لائیو اسٹاک کے شعبہ میں مختلف میگا پروگرام لانے کئی کوشش کر رہی ہے تا کہ متعلقہ افراد کو معاشی طور پر مضبوط کیاجا سکے ۔ وہ سرکٹ ہاوٴس سکھر میں لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ میٹ ڈویلپمنٹ پروگرام سندھ کی جانب سے مال مویشی مالکان میں چیک تقسیم کئے جانے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر سندھ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے338 مال مویشی مالکان میں 78 لاکھ روپے مالیت کے چیک تقسیم کیے گئے۔ وفاقی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے مذید کہا کہ غیر مسلم ملکوں میں حلال جانور کے گوشت کی ضرورت بڑھ رہی ہے دنیا میں سائنسی ریسرچ سے معلوم ہوا ہے کہ حلا ل گوشت صحت کیلئے مفید ہے اور صحت بخش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک شعبہ اس لئے بھی ضروری ہے کہ 85 لاکھ سے زائد خاندان اس شعبے سے وابستہ ہیں، جو دیہاتوں میں رہنے والوں کیلئے جانور، سوشل سیکیورٹی اور بینک کا کام بھی کرتے اور انتہائی ضرورت میں جانوروں کو بیچ کر اپنی ضروریات پوری کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت کی کوشش ہے کہ لوگوں کو گوشت اور دودھ کی پیداوار بڑھانے کے متعلق آگاہ کیا جائے اور ان کو سہولیات فراہم کی جائیں تا کہ وہ مویشی پالنے پر زیادہ سے زیادہ تو جہ دیں اور اپنے لئے روزگار کے مواقع پیدا کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا مقصد دیہات کے عوام کو سہولیات فراہم کر نا ہے۔ تقریب میں سیکریٹری لائیو اسٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ سندھ میر محمد پڑھیار، ڈی سی او سکھر عبدالمجید پٹھان اور پروجیکٹ ڈائریکٹر میٹ اور دوسروں نے بھی خطاب کیا۔