غریبوں کیلئے 200 یونٹ تک بجلی مفت، گیس کے بل محدود اور ہیلتھ انشورنس پالیسی شروع کرنے کا اعلان، عوام کی طاقت سے برسر اقتدار آئے ہیں بیک ڈور سے نہیں، اس کیلئے خون کا دریا عبور کیا تمام چیلنجز قبول کرتے ہیں، وزیراعظم گیلانی

بدھ 19 اگست 2009 14:39

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اگست ۔2009ء) وزیراعظم سیدیوسف رضاگیلانی نے 200یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے خاندانوں کیلئے بجلی مفت اورگیس کے بل محدود کرنے کے ساتھ ساتھ ہیلتھ انشورنس پالیسی شروع کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم عوام کی طاقت سے برسر اقتدا رآئے ہیں بیک ڈور سے نہیں ہم نے اس کیلئے خون کا دریاعبور کیا ہے تمام چیلنجز قبول کرتے ہیں عوام سے کیے گئے تمام وعدے ایک ایک کرکے پورے کریں گے جلد لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی مہنگائی پرقابو پالیں گے مجھے تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے اورہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی کو غیر جمہوری طریقے سے ہٹائیں گے اورنہ ہی لایاجائیگا اداروں کومضبوط کریں گے عوام کی حمایت سے دہشتگردی پرقابو پایا اور عوام کی حمایت سے ہی دیگر مسائل پر بھی قابو پالیں گے بدھ کو یہاں موٹر وے کاافتتاح کرنے کے بعد ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا وزیراعظم نے کہا کہ عوام اور سیاسی حمایت کے بغیر کوئی فوجی آپریشن کامیاب نہیں ہوسکتا ہم نے عوام کی مدد سے سوات میں دہشتگردوں اور عسکریت پسندوں کیخلاف آپریشن میں کامیابی حاصل کی ہے کیونکہ امن قائم کیے بغیر معیشت ترقی نہیں کرسکتی اورنہ ہی عوام کے مسائل حل کیے جاسکتے ہیں انہوں نے کہاکہ سابقہ حکومتوں نے بجلی کی کمی پرقابو پانے کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی عوام نے انتخابات میں آمریت کو مسترد کرتے ہوئے جمہوریت کو کامیاب بنایا اللہ تعالی نے ہمیں موقع دیا ہے ہم عوام کی توقعات پر پورااتریں گے جلد مہنگائی اور لوڈشیڈنگ پرقابو پالینگے انہوں نے کہاکہ ہم عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئے ہیں بیک ڈور سے نہیں اور اس کیلئے ہم نے خون کادریاعبور کیا اور اپنی لیڈر بینظیر بھٹو کی قربانی دی ہم عوام سے وعدہ کرتے ہیں کہ بینظیر بھٹو کے فلسفے ویژن اور سیاسی بصیرت کو آگے لیکر چلیں گے یہی شہید ذوالفقار علی بھٹو کافلسفہ تھا کہ عوام کو طاقت وربنانا ہے ہم اداروں کو مضبوط کریں گے اللہ نے ہمیں موقع دیا ہے ادارے مضبوط ہوں گے تو عوام مضبوط ہونگے عوامی نمائندے مضبوط ہونگے اور پارلیمنٹ مضبوط ہوگی عوام سے پیپلزپارٹی کے منشور میں کیے گئے تمام وعدے ایک ایک کرکے پورے کریں گے میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم فیصل آباد کو بھی کسی پیکج سے زیادہ دیں گے علاقے کے تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز کااجلاس بلاکر سب سے ضروری کام کی نشاندہی کریں گے اور اس پر جتنا بھی خرچ ہو وہ کریں گے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ایک مستحکم پروگرام کے تحت بینظیر انکم سپورٹ سکیم کو آگے بڑھارہی ہے اس کے تحت کم آمدنی والے خاندانوں کو خصوصی کارڈ دیے جائیں گے جس کے ذریعے انہیں200یونٹ تک بجلی مفت فراہم کی جائے گی گیس کے بل بھی محدود کیے جائیں گے اور ہیلتھ انشورنس پالیسی بھی دی جائے گی انہوں نے کہاکہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں تمام سیاسی جماعتوں کی مکمل حمایت حاصل ہے اورہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ کسی کو غیرجمہوری طریقے سے ہٹائیں گے اورنہ ہی لائیں گے تمام سیاسی اکابرین ہمارا ساتھ دے رہے ہیں وہ جمہوریت کاساتھ دے رہے ہیں اور یہ عزم رکھتے ہیں کہ جمہوریت کو پٹری سے نہیں اترنے دیں گے پوری قوم ان قائدین کو سلام پیش کرے ہم ملکر اداروں کو مضبوط بنائیں گے کیونکہ جب تک ادارے مضبوط نہیں ہونگے مسائل حل نہیں ہوسکتے وزیراعظم نے کہا کہ عا م انتخابات میں عوام نے جمہوریت کے حق میں ووٹ دیا ا ور آمریت کو مسترد کردیا اس لوڈشیڈنگ کی ذمہ داری ہم پر نہیں ہے لیکن ہم جانے والو ں کو بھی کچھ نہیں کہیں گے کیونکہ عوام نے اب انہیں مسترد کردیا ہے اور ہم نے مسائل حل کرنے کاچیلنج قبول کیا ہے انہوں نے فیصل آباد کو بگ سٹی قراردینے کے مطالبے کے بارے میں کہاکہ یہ صوبائی معاملہ ہے پنجاب کی حکومت ہماری اتحادی ہے اور میں وزیراعلی شہباز شریف سے کہونگا کہ وہ فیصل آباد آئیں اور یہاں آکر ملک کے اس تیسرے بڑے شہر کوبگ سٹی قراردے اس شہر کو اس کاحق ملنا چاہیے انہوں نے کہاکہ ہم سترہویں ترمیم 58ٹو بی کاخاتمہ کریں گے اس مقصد کیلئے ہمیں تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے ہم نے مفاہمتی سیاست کی بنیاد رکھی ہے اور اس کو آگے لیکر چلیں گے پیپلزپارٹی وفاق کی علامت ہے بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے وفاق کانعرہ لگا کر اس عزم کااعادہ کیا اگر وہ ایسانہ کرتے تو ملک کو نقصان ہوسکتا تھا عوام بینظیر بھٹو کی طرح بلاول بھٹو زرداری کابھی بھرپور ساتھ دیں ۔