صدر زرداری کی بان کی مون اور بل کلنٹن سے ملاقاتیں

بدھ 23 ستمبر 2009 11:26

صدر زرداری کی بان کی مون اور بل کلنٹن سے ملاقاتیں
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2009ء) صدر آصف زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون اور سابق امریکی صدر بل کلنٹن سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں جن میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بان کی مون سے نیویارک میں ہونے والی سے ملاقات میں بے نظیر بھٹوکے قتل سے متعلق اقوام متحدہ کمیشن کی اب تک ہونے والی تحقیقات، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر صدر زرداری کا کہناتھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی کوششوں کو عالمی برادری نے سراہاہے اورفرینڈزآف ڈیموکریٹک پاکستان سربراہ کانفرنس میں عالمی حمایت سامنے آجائے گی۔ بان کی مون نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔اس سے پہلے صدر آصف علی زرداری سے سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے ملاقات کی جس میں پاک امریکا تعلقات اور پاکستان میں معاشی استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بل کلنٹن کو پاکستان میں بھارت کی طرز پر معاشی پروگرام شروع کرنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ بل کلنٹن گلوبل انیشی ایٹیو پروگرام کے سلسلے میں جلد پاکستان کا دورہ کریں گے ۔ سابق امریکی صدر نے سوات میں پاک فوج کے کردار اور متاثرین کی بحالی کے اقدامات کو سراہا۔صدر کل امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈہالبروک سے ملاقات کریں گے جس میں امریکی ماہرین معاشیات بھی شامل ہوں گے ، اس ملاقات میں فرینڈزآف ڈیموکریٹک پاکستان کانفرنس کے بارے میں اہم تبادلہ خیال کیا جائے گا۔