ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منائی گئی

بدھ 23 ستمبر 2009 11:26

ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منائی گئی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2009ء) ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ مختلف شہروں میں عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں لاکھوں فرزندان اسلام نے نماز عید ادا کی ۔اسلام اباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سمیت ہزاروں افراد نے نماز عید ادا کی ، چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے فیصل مسجد میں موجود افراد سے عید بھی ملی ، وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے نماز عید وزیراعظم ہاوٴس میں ادا کی جہاں وفاقی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔

تینوں مسلح افواج کے سربراہان اورچیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل طارق مجید نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں اپنے اپنے ہیڈ کوارٹرز میں نماز عید ادا کی اور مسلح افواج کے حاضر سروس افسران اور ارکان سے عید ملی، بعدازاں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل طارق مجید ، پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی ، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل راوٴ قمر سلیمان اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نعمان بشیر نے وزیراعظم ہاوٴس میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی ، غیر ملکی سفیروں اور اہم شخصیات نے بھی وزیراعظم ہاوٴس میں ان سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

کراچی میں بھی عید روایتی جوش و جزبہ کے ساتھ منائی گئی۔ سینکڑوں مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہو ئے جن میں لاکھوں افراد نے شر کت کی اس مو قع پر شہر یوں کی حفاظت کے لیئے پو لیس اور رینجرز کے بیس ہزار سے زائد اہلکاروں کی تعینات کیا گیا۔پشاور سمیت صوبہ سرحد کے بارہ اضلاع میں اور سوات کے عوام انتہائی جوش و خروش سے عید کی تقریبات میں شریک ہوئے ۔

صوبہ سرحد کے اضلاع ہزارہ ڈویڑن،سوات، ڈی آئی خان،دیر بالا، دیر لوئر، چترال، شانگلہ، کوہستان،مالاکنڈ ایجنسی کے بعض علاقوں،اور ٹانک کے مختلف علاقوں میں بھی عید کے اجتماعات ہوئے جہاں لوگوں نے نماز عید ادا کی اور ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔کوئٹہ میں نماز عید کا بڑا اجتماع ٹو غی روڈ پر ہوا جہاں گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار مگسی اور دیگر صوبائی حکام نے نماز عید ادا کی ۔عید الفطر کے موقع پر ملکی و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئی اس موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے مرکزی عید گاہ ،مساجد اور اہم مقامات پر پولیس اور ریجنرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :