تعلیم ترقی کا زینہ ہے اور موجودہ حکومت معیار تعلیم کو بلند کرنے اور ہر ایک شخص کو خواندہ دیکھنا چاہتی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

پیر 28 ستمبر 2009 17:01

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 ستمبر ۔2009ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ تعلیم ترقی کا زینہ ہے اور موجودہ حکومت معیار تعلیم کو بلند کرنے اور ہر ایک شخص کو خواندہ دیکھنا چاہتی ہے۔ وہی قوم وملک ترقی کرتے ہیں جہاں کے عوام تعلیم کے زیور سے آشنا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو خیرپور میں مہران انجینئرنگ کالج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے مہران انجینئرنگ یونیورسٹی جام شورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدیر راجپوت نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی پیر محمد بچل شاہ، صوبائی وزیر منظور حسین وسان، ڈاکٹر نیلوفر شیخ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری نظر حسین مہر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت ہر ایک شخص کو تعلیم کے ساتھ ہنرمند بنانے کیلئے جامع منصوبے پر گامزن ہے اور حصول تعلیم میں امیری غریبی کے فرق کا خاتمہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اب تو دیہی علاقوں میں بند پڑے اسکولوں کو کھلوانے کیلئے ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ اسکول کھلنے سے غریبوں کی اولاد تعلیم کی روشنی سے بہراور ہونگی۔ موجودہ حکومت طلبہ وطالبات کو میٹرک تک مفت تعلیم اور اعزازیہ بھی دے گی۔ اس لئے حکومت نے بجٹ میں تعلیم کی مد میں 88 فیصد رقم رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ اہل اور میرٹ پر پورا اترنے والوں کو محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی حیثیت پر بھرتی کیا جائے گا اور نااہل گھوسٹ اساتذہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور جو اساتذہ اپنے فرائض میں غفلت کا مرتکب پایا گیا تو اسے گھر بھیج دیا جائے گا۔

ہم ملک کے معماروں کے روشن مستقبل کو تاریک ہوتا نہیں دیکھ سکتے اور نہ ہی سیاسی سفارش رکھنے والے اساتذہ کی غفلت کو نظر انداز کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں سے پرائیویٹ تعیلمی اداروں کی کارکردگی بہتر ہے جبکہ سرکاری اداروں میں بھاری تنخواہ لینے والے اساتذہ کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مہران انجینئرنگ کالج کو آئندہ تین سال بعد انجینئر یونیورسٹی کا درجہ دے دیا جائے گا اور کالجز ویونیورسٹی میں داخلوں کے معاملے میں کسی کی مداخلت قبول نہیں کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ شاہ عبدالطیف یونیورسٹی، ریڈیو پاکستان خیرپور، ٹیکنیکل کالج خیرپور کے بعد اب مہران انجینئرنگ کالج بھی پی پی حکومت کا عوام کیلئے تحفہ ہے جس سے ہزاروں طلبہ، ڈاکٹر، پروفیسر، انجینئرز پیدا ہونگے جو سندھ وملک کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کرینگے۔

متعلقہ عنوان :