پیپلز پارٹی کے خلاف سازش کرنے والوں نے کیری لوگر بل کی جعلی کاپیاں تیار کرکے تقسیم کیں، راجہ ریاض ،جن خدشات کی بنیاد پر ضمنی الیکشن ملتوی کرائے گئے، جی ایچ کیو پر حملے سے وہ درست ثابت ہو گئے، میڈیا سے گفتگو

اتوار 11 اکتوبر 2009 20:59

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اکتوبر۔2009ء) سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض احمد نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے خلاف سازش کرنے والوں نے کیری لوگر بل کی جعلی کاپیاں تیار کرکے تقسیم کیں،جن خدشات کی بنیاد پر ضمنی الیکشن ملتوی کرائے گئے، جی ایچ کیو پر حملے سے وہ درست ثابت ہو گئے ہیں،فیصل آباد شہر کی تعمیر وترقی اور جدید شہری سہولتوں کی فراہمی کے لئے مختلف ترقیاتی سکیموں کے اجراء کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور پانچ ارب روپے کی لاگت سے موٹر وے انٹر چینج تک شاہرات کو سگنل فری بنانے کے لئے انڈر پاسز کی تعمیر اور سڑکوں کی کشادگی کے لئے ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے ۔

انہوں نے یہ بات سرکٹ ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی ملاقات کے دوران کہی۔ سابق صوبائی وزیر بدرالدین چوہدری ‘ ٹاؤن ناظم ندیم آفتاب سندھو ‘ سابق ایم پی اے و میئر راجہ صفدر حسین ‘ راجہ امیر حمزہ اور پارٹی کے دیگر عہدیداران و کارکنان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پانچ ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کے لئے فنڈز کا نصف حصہ وفاقی حکومت سے حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے کوہ نور چوک جڑانوالہ روڈ ‘ گیٹس چوک ستیانہ روڈ سے لے کر موٹر وے تک اہم چوکوں اور کراس سڑکوں پر انڈر پاسز تعمیر کرکے انہیں ٹریفک اشاروں سے فری کر دیا جائے گا جبکہ ضلع کچہری اور سیشن کورٹ کے درمیان بھی انڈر پاس کی تعمیر کا منصوبہ زیر تجویز ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی اہم سڑکیں این ایل سی کی زیر نگرانی تعمیر کروائی جارہی ہیں تاکہ ان کی خوبصورتی اور پائیدار تعمیر کو یقینی بنایا جا سکے ۔ راجہ ریاض احمد نے کہا کہ فیصل آباد کے مختلف اطراف میں صحت کی سہولتوں کے لئے جنرل ہسپتال کی جدید تعمیر و توسیع کے منصوبے پر کام جاری ہے اور سمندری روڈ پر پانچ سو بیڈ پر مشتمل ہسپتال کا قیام کا جائزہ لیا جارہا ہے - انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کا نظام ختم نہیں کیا جارہا ہے بلکہ اسکی خامیوں کو دور کرکے اسے عوامی توقعات کے مطابق بنائیں گے ۔

اس ضمن میں تمام تر قانونی و آئینی تقاضوں کو پورا کیا جائے گا ۔ امن و امان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے تاہم دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے تخریب کاری کا خطرہ موجود رہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے کے لئے مختلف پالیسیوں پر عملدرآمد کر رہے ہیں جس کے تحت عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے اور چوربازاری کے قلع قمع کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی فلاحی پالیسیوں کے تحت رمضان المبارک میں غریب عوام کو صرف 200 روپے میں 20 کلو گرام آٹے کا تھیلہ فراہم کیا گیا جبکہ اشیائے ضروریہ ارزاں نرخوں پر مستقل طور پر فراہم کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ راجہ ریاض احمد نے کہاکہ پیپلزپارٹی جمہوریت پر پختہ یقین رکھتی جس نے کبھی بھی آمروں کا ساتھ نہیں دیا اور پارٹی کی سیاسی حکمت عملی کی بدولت آمر پرویز مشرف کو استعفی دیکر اقتدار سے الگ ہونا پڑا ۔

انہوں نے کہا کہ فرنیڈز آف پاکستان نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی اور ہم تمام دوست ممالک سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں ۔ دوستی کے ان رشتوں کو مضبوط کرنے کے لئے ایسے اقدامات کئے جائیں گے جو ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہوں گے ۔نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب کے سینئر وزیر راجہ ریاض نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف سازش کرنے والوں نے کیری لوگر بل کی جعلی کاپیاں تیار کرکے تقسیم کیں۔

انہوں نے کہا کہ کیری لوگر بل کی اصل کاپیاں پاکستان میں بہت کم لوگوں کے پاس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بل کے خلاف باتیں کرنے والوں نے جمہوریت کو نقصان پہنچانے اور پیپلز پارٹی کے خلاف محاذ آرائی کیلئے اس بل کی جعلی کاپیاں تیار کی ہیں، جس کے ذریعے قوم کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔سینئر وزیر راجہ ریاض احمد کا کہنا تھا کہ جن خدشات کی بنیاد پر ضمنی الیکشن ملتوی کرائے گئے، جی ایچ کیو پر حملے سے وہ درست ثابت ہو گئے ہیں۔اس موقع پر بدر الدین چوہدری اور راجہ صفدر حسین نے بھی اظہار کیا اور مختلف بین الاقوامی و قومی امور پر پارٹی کے نقطہ نظر اور موقف سے آگاہ کیا ۔