مشکل وقت میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے رہنے والے کارکنان پارٹی کا اصل سرمایہ ہیں ، رانا ثناء اللہ

منگل 27 اکتوبر 2009 18:51

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اکتوبر ۔2009ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے رہنے والے کارکنان پارٹی کا اصل سرمایہ ہیں پارٹی قیادت ان مخلص اور وفاء دار کارکنوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی جن کی عظمت کو وہ سلام پیش کرتے ہیں- انہوں نے یہ بات ڈجکوٹ روڑ مومن آباد میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں یونین ناظم چوہدری محمد انور ‘ نائب ناظم ڈاکٹر مقصود‘ عبدالحمید وٹو کونسلر‘ امین شاہ‘ یونس انصاری ‘ بشیر پہلوان ‘ سلیمان انصاری اور دیگر عمائدین و بڑی تعداد میں پارٹی کارکنوں نے شرکت کی- صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ پارٹی سے گہری وابستگی رکھنے والے کارکنوں نے قیادت سے جلا وطن ہونے کے باوجود آمرانہ جبر اور ریاستی ظلم و ستم کے سامنے پارٹی پرچم بلند رکھا ایسے جرات مند اور جمہوریت پسند کارکنوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا - انہوں نے کہا کہ سرسید ٹاؤن ‘مومن آباد اور دیگر ملحقہ علاقے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے شیدائیوں کا گڑھ ہے جن کی بے لوث محبت کو پارٹی قیادت بھی تسلیم کرتی ہے- رانا ثناء الله خاں نے حلقہ کی تعمیر وترقی کی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سیوریج کے منصوبے مکمل ہونے کے بعدسوا چار کروڑ روپے کی لاگت سے سرسید ٹاؤن کی سٹرکوں کی پائیدار تعمیر کا کام شروع ہو جائے گا جبکہ سکولوں‘ ڈسپنسری‘ پارکس اور دیگر کئی ترقیاتی منصوبے بھی زیر تکمیل ہیں - انہوں نے کہا کہ علاقہ کے ایم سی گرلز مڈل سکول کو اپ گریڈ کر کے ہائی کا درجہ دے دیا گیا ہے جس سے بچیوں کو ان کے گھروں کے نزدیک تعلیمی سہولتیں میسر آئیں گی- اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے حلقہ میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں کا اجراء اور عوامی مسائل میں گہری دلچسپی لینے پر صوبائی وزیر قانون کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اس دور میں علاقہ کے 20 سالہ دیرینہ مسائل حل ہوئے ہیں- صوبائی وزیر قانون نے اس موقع پر امین شاہ اور دیگر کارکنوں میں پراپرٹی کے الاٹمنٹ آرڈرز تقسیم کئے-