پشاور، پریس کلب کے مرکزی دروازے پر خودکش حملہ، سیکورٹی اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق، 17 زخمی، صدر، وزیراعظم اور دیگر رہنماؤ ں کی شدید مذمت ۔ اپ ڈیٹ

منگل 22 دسمبر 2009 12:56

پشاور، پریس کلب کے مرکزی دروازے پر خودکش حملہ، سیکورٹی اہلکار سمیت ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 22دسمبر۔ 2009ء) پشاور پریس کلب کے مرکزی دروازے پر خودکش حملے میں سیکورٹی اہلکار سمیت چار افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں میں سے تین کی حالت نازک بتائی جاررہی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملہ آور نے پریس کلب کے گیٹ سے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔سیکورٹی گارڈ کے روکنے پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں سیکورٹی اہلکار شہید ہوگیا۔

دھماکے کے وقت پریس کلب میں 70 سے 80 صحافی موجود تھے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ دھماکے سے پریس کلب اور ارد گرد کی متعدد عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ جبکہ صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے پشاور پریس کلب میں ہونے والے خود کش حملے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے معصوم جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کی ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر سرحد اویس غنی، وزیر اعلی امیر حیدر ہوتی، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،گورنر پنجاب سلمان تاثیر، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ،گورنر بلوچستان نواب ذاوالفقار علی مگسی ، وزیر اعلی بلوچستان نواب اسلم خان رئیسانی سمیت وفاقی وزیر اطلاعات قمرزمان کائرہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چیئرمین سینیٹ فاروق ایچ نائیک ،مسلم لیگ نواز کے قاید نواز شریف ،متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین ،جماعت اسلامی کے امیر منور حسن، اے این پی کے رینما اسفند یار ولی ،زاہد خان نے پشاور پریس کلب خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، وفاقی وزیر فاروق ستار، بابر غوری، سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال ، مسلم لیگ قاف کے سربراہ چوہدری شجاعت، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دھماکے میں ہونے والی ہلاکتوں ہر دکھ کا اظہار کیا ہے۔