بینظیربھٹو کی دوسری برسی عقیدت و احترام منائی جا رہی ہے

اتوار 27 دسمبر 2009 16:24

بینظیربھٹو کی دوسری برسی عقیدت و احترام منائی جا رہی ہے
لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 27 دسمبر ۔2009 ء)بے نظیر بھٹو شہید کی دوسری برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے،محترمہ کے مزار پر سیاسی رہنماوں اور عوام کی حاضری کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ ، بابر اعوان، رحمان ملک اور پیر مظہر الحق کے ہمراہ گڑھی خدابخش میں محترمہ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

این ڈی خان ، سندھ کے وزیر نادر مگسی، اسپیکر سندھ اسمبلی نثار کھوڑو اور دیگر رہنماوں نے بھی مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

عوام کی بڑی تعداد مزار پر حاضری دے رہی ہے اور ملک کے مختلف شہروں میں محترمہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خانی کی جا رہی ہے۔بھٹو ہاوس نوڈیرو میں وزیر اعظم گیلانی صدر زرداری سے ملاقات کر رہے ہیں۔ملاقات میں وفاقی اور صوبائی وزرا بھی شریک ہیں۔

صدر نوڈیرو میں نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحقین میں چیک تقسیم کریں گے۔محترمہ بے نظیر بھٹو کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری، دونوں صاحبزادیوں بختاور ، آصفہ اور صدر زرداری نے گزشتہ روزمحترمہ کے مزار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔لیاقت باغ راولپنڈی میں محترمہ کی جائے شہادت پر بھی عوام بڑی تعداد میں حاضری دے رہے ہیں۔