بھارتی آبی جارحیت کیخلاف عالمی عدالت رجو ع کرینگے،خورشیدشاہ

جمعرات 4 فروری 2010 21:29

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4فروری۔2010ء) حکومت نے بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آبی ذخائر کی تعمیر، ڈیمز اور ہائیڈرل پاور پروجیکٹس کی تعمیرات کی شکل میں آبی جارحیت کے طرز عمل کے خلاف عالمی عدالت سے رجو ع کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، اس سلسلہ میں وکلاء اور قانونی ماہرین سے صلا ح مشورے کیے جا رہے ہیں۔ یہ بات وفاقی وزیر محنت و افرادی قوت سید خورشید احمد شاہ نے سکھر میں میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں میں ڈیمز کی تعمیر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے جس کے زریعے بھارت دریاوٴں میں پانی کے بہاوٴ میں رکاوٹ ڈال کر پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے، جو ایک سنگین اور تشویشناک معاملہ ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس ضمن میں عالمی عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی ہے، انٹر نیشنل سطح پر بھارتی رویہ کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے مذید کہا آمریت کے ادوار نے جو مشکلات و مسائل پیدا کئے بھارتی آبی جارحیت بھی اسی کا شاخسانہ ہے، ایوب خان نے پاکستان کے تین دریاء فروخت کر دیے، دوسرے آمر نے ملک کو دو لخت کر دیا اور ایک آمر نے اپنا امیج بنانے کیلئے دانستہ طور پر دہشت گردی کو فروغ دیا اور ملک کو بد ترین مسائل سے دوچار کیا۔

متعلقہ عنوان :