لاہور دھماکوں سے لرز اُٹھا،1گھنٹے میں5بم دھماکے،متعددزخمی

جمعہ 12 مارچ 2010 20:53

لاہور دھماکوں سے لرز اُٹھا،1گھنٹے میں5بم دھماکے،متعددزخمی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2010ء) لاہور کے علامہ اقبال ٹاﺅن میں ایک گھنٹے میں یکے بعد دیگر پانچ دھماکوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے،دھماکوں کے بعد لاہور کی تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ، پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ، تحریک طالبان نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کر لی۔نجی ٹی وی کے مطابق آٹھ بجکر چالیس منٹ پر پہلا دھماکا علامہ اقبال ٹاﺅن میں مون مارکیٹ کے قریب کشمیر بلاک میں ایک گھر کے باہر کیاری میں ہوا اور یہ ایک کریکر دھماکا تھا اور اس میں عینی شاہدین کے مطابق اس میں تین افراد زخمی ہو گئے تاہم پولیس کے مطابق دھماکے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

واقعہ کے بعد فوری طور پر جائے وقوعہ پر پولیس اور امدادی کارکنان پہنچ گئے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء پہلے دھماکے سے ڈیڑھ سو کلو میٹر کے فاصلے پر نو بجکر پندرہ منٹ پرپاک فضائیہ کے افسر انعام الحق کے گھر کے باہر کھڑی ایک گاڑی میں دوسرا دھماکا ہوا اور اس میں زاہد نامی ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں جسے قریبی اسپتال میں منتقل کیا گیا ۔

نو بجکر 30 منٹ پر علامہ اقبال ٹاﺅن کے ایدھی سینٹر کے باہر تیسرا دھماکا کیا گیا تاہم اس میں کسی نقصان کی اطلاعات نہیں اور یہ بھی کریکر کے ذریعے کیا گیا ، اس کی آواز پہلے دو دھماکوں سے زیادہ تھی ۔ اس سے بھی زمین میں ایک فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا ۔ نو بجکر 40 منٹ پرچوتھا دھماکا علامہ اقبال کی مسجد کے قریب ہوا اور جائے وقوعہ پر ایک فٹ تک گہرا گڑھا پڑگیا ۔

دریں اثناء پانچواں دھماکا نو بجکر 50 منٹ پر کریم مارکیٹ کے کمرشل ایریا میں ہوا تاہم اس میں کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں موصول ہوئیں ۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق یکے بعد دیگر ے ہونے والے دھماکوں میں بہت معمولی نوعیت کا دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا ۔ پولیس کے مطابق یہ دھماکے شہر میں خوف و ہراس پھیلانے کے لئے کیے گئے ۔دوسری جانب تحریک طالبان کی جانب سے آر وائی نیوز کو ایس ایم ایس کیا گیاجس میں انہوں نے لاہور میں یکے بعد دیگرے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کر لی ۔

متعلقہ عنوان :