آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں یوم پاکستان انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، عمارات پر قومی پرچم لہرایا گیا، سیمینار اور تقاریب کا انعقاد

منگل 23 مارچ 2010 13:37

آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں یوم پاکستان انتہائی جوش و خروش سے منایا ..
اسلام آباد+لاہور+کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔23مارچ۔2010ء) آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں یوم پاکستان انتہائی جوش و خروش اورملکی سلامتی ‘یکجہتی اور ترقی کیلئے مسلکی اور سیاسی اختلافات بھلا کر متفقہ کوششیں کرنے اور اکابرین کے فلسفے اور نظریہ پاکستان پر اس کی روح کے مطابق عمل کے عزم کی تجدید کے ساتھ منایاگیا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا ‘ ملک بھر کی مساجد میں ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

لاہور میں یوم پاکستان کے سلسلے میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی ،اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے مزار اقبال پر ستلج رینجرز سے چارج لیکر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے ۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ کے ائیر وائس چیف مارشل سہیل امان نے چیف آف ائیر اسٹاف اور پاک فضائیہ کے ائیر مینوں کی جانب سے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔

اس موقع پر ائیر وائس چیف مارشل نے گیسٹ بک میں اپنے تاثرات میں لکھا کہ علامہ اقبال نے شاہین کو جو نظریہ پیش کیا پاک فضائیہ اس پر کار بند رہ کر ملک کی حفاظت کے لئے ہر وقت تیار ہے ۔ مینار پاکستان پرسکولوں کے بچوں کی بڑی تعدادجمع ہوئی۔ جنھوں نے ملی نغمے پیش کئے اور وطن سے محبت کا اظہارکیا ۔کراچی میں گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کابینہ کے دیگرارکان کے ساتھ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی ،پھول چڑھائے اورفاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ نے کہاہے کہ پاکستان بڑی قربانیاں دے کر حاصل کیاگیاہے۔ ان قربانیوں کو سامنے رکھ کر ملک کی ترقی کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ تیئس مارچ پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے۔ لاکھوں مسلمانوں نے اس ملک کے لئے قربانیاں دی ہیں۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جنا ح کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی مزار قائد پر حاضری دی ۔ یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کی گئی۔ لاہور ‘کراچی‘کوئٹہ‘ پشاور‘ راولپنڈی ‘اسلام آباد ‘حیدر آباد‘ فیصل آباد‘ملتان اور دیگر شہروں میں یو م پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقاریب اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا-مقررین نے اکابرین کی قربانیوں اور کوششوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیاکہ موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے قومی اتفاق رائے اور اتحاد قائم رکھا جانا چاہئے -قائدین اور عوام کو سیاسی اور مسلکی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی سلامتی ‘یکجہتی اور ترقی کیلئے کام کرنا ہو گا-اس موقع پر سرکاری اور نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا گیا جبکہ بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوں اور ہائی کمشنز میں قومی پرچم لہرانے کی تقاریب منعقد ہوئیں۔

یہ دن 1940 ء میں لاہور میں منظور ہونے والی اس تاریخی قرار داد کی یاد میں منایا جاتا ہے جب جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں نے قائد اعظم کی قیادت میں اپنے علیحدہ وطن کے قیام کو اپنی منزل قرار دیا تھا۔23مارچ1940 وہ تاریخی دن ہے جب برصغیرکے مسلمانوں نے اپنی منزل کا تعین کیا اورصرف سات سال بعد ہی دنیا کے نقشے پر ایک نیا آزادملک قائم کرکے دکھادیا۔

منٹوپارک لاہورکا یہ تاریخی گراونڈجہاں 21 ،,22 اور 23 مارچ 1940 کوآل انڈیا مسلم لیگ کاسالانہ اجلاس قائداعظم محمد علی جناح کی زیر صدارت ہوا ۔جس میں واضح کیا گیا کہ برصغیر کے مسلمان ایک الگ قوم ہیں اوروہ جداگانہ سماجی ثقافتی اور مذہبی پس منظر رکھتے ہیں۔23 مارچ کو قراردادلاہورمنظورہوئی اور سات سال کی جدوجہد اوربے شمار قربانیوں کی بدولت پاکستان کا قیام عمل میں آگیا۔ قرارداد لاہور کی یاد میں اس تاریخی جگہ پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔