شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کا نکاح، 61 لاکھ روپے حق مہر مقرر، دولہا نے مشہور ڈیزانئر کی تیار کردہ شیروانی دلہن نے سرخ ساڑھی زیب تن کی، شادی کی دیگر تقریبات کا آغاز کل مہندی کی رسم سے ہو گا، رخصتی 15 اپریل کو ہو گی، 800 اہم شخصیات کی شرکت متوقع

پیر 12 اپریل 2010 17:56

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کا نکاح، 61 لاکھ روپے حق مہر مقرر، دولہا نے مشہور ..
حیدرآباددکن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔12 اپریل ۔2010ء)پاکستانی کرکٹ سٹار شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزاپیر کو نکاح کے بندھن میں منسلک ہو گئے،تاج کرشنا ہوٹل میں ہونے والی تقریب میں دلہا دلہن کے اہل خانہ اور چند قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔ثانیہ مرزا نے اس موقع پر اپنی والدہ کی سرخ رنگ کی ساڑھی جبکہ شعیب ملک نے دہلی کے مشہور ڈیزائنر شانتا نو اورنکھل کی تیار کی گئی سیاہ شیروانی زیب تن کی تھی۔

پیر کو دن ڈیڑھ بجے کے قریب ثانیہ مرزا کی جانب سے انکی ترجمان رچانائک نے صحافیوں کو بتایا کہ ثانیہ شعیب کا نکاح ہو گیا ہے ۔نکاح جوبلی ہلز کے قاضی نے پڑھایا ۔ثانیہ مرزا کی خالہ حمیدہ بیگم نے بتایا کہ تقریب میں 100 کے قریب افراد نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ نکاح پر دولہا اور دلہن کے خاندان بہت خوش ہیں اور تقریب نہایت پر سکون انداز میں انجام پائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس اطلاع کی تصدیق کی کہ نکاح کے لیے 61لاکھ روپے حق مہر مقرر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ شادی کی دیگر تقریبات کا آغازکل (منگل کو) مہندی کی رسم سے ہوگا جبکہ رخصتی 15اپریل کو ہوگی اور شادی کی تقریب میں 800اہم بین الاقوامی شخصیات کی شرکت متوقع ہے جس میں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی ، فلمی ستارے ، سیاسی اور اہم سماجی شخصیات شامل ہوں گی ۔ ذرائع کے مطابق شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے لیے فائیو سٹار ہوٹلوں میں کمرے بک کروا دیے گئے ہیں شادی کی تقریب کے موقع پر مہمانوں کی تواضع کے لیے 23اقسام کے کھانوں کا انتظام کیا گیا ہے۔