مسلم لیگ (ن)کے وزراء صدر کے خلاف بیانات دے کر سیاسی فضا خراب کر نا چاہتے ہیں، راجہ ریاض

پیر 12 اپریل 2010 20:34

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔12 اپریل ۔2010ء) سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض احمد خاں نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے وزراء نے پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت اور خصوصاً صدر پاکستان آصف علی زرداری کے خلاف نازیبا بیانات دینا بند نہ کیے تو پھر پیپلز پارٹی کے وزراء اور پارٹی کارکنان اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ رانا ثناء اللہ خاں میاں برادران کے کہنے پر نہیں بلکہ کسی اور کے کہنے پر ایسے بیانات دے کر ملک کی سیاسی فضا کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ خاں کو قیادت کے خلاف بیان دینے سے قبل اپنے گریبان میں منہ ڈالنا چاہیے اور وہ دن یاد رکھنا چاہئے جب ان کے قائد نواز شریف اپنے کارکنوں کو بے سہارا چھوڑ کر فوجی آمر سے ڈیل کر کے سعودی عرب چلے گئے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے آمر ضیاء الحق سے ڈیل تو کیا اس بارے میں سوچا بھی نہ تھا جبکہ رانا ثناء اللہ اس پارٹی کے وزیر ہیں جس کی قیادت نے فوجی آمر کی گود میں بیٹھ کر سیاست کا آغاز کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب اگر مسلم لیگ ن کے کسی وزیر نے ایسی حرکت کی تو وہ اپنے نقصان کا خود ذمہ دار ہو گا کیونکہ شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کے بھائی ایسے لوگوں کا گھیراؤ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت حلقہ پی پی 63میں دھاندلی کا پروگرام بنا رہی ہے۔ اگر دھاندلی کی کوشش کی گئی تو شہر بھر میں نہ رکنے والی تحریک کا آغاز ہو گا۔

متعلقہ عنوان :