نیویارک میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام ، مصروف ترین ٹائمز اسکوائر پرکھڑی مشکوک گاڑی سے دھماکا خیز مواد برآمد

اتوار 2 مئی 2010 17:41

نیویارک میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام ، مصروف ترین ٹائمز اسکوائر پرکھڑی ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3مئی۔2010ء) امریکی شہر نیویارک میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام ، مصروف ترین ٹائمز اسکوائر پرکھڑی مشکوک گاڑی سے دھماکا خیز مواد برآمد ، ہزاروں سیاحوں کوعلاقے سے نکال دیاگیا ، تحقیقات شروع ۔امریکی خبررساں ادارے کے مطابق ہفتہ کی شام ایک نامعلوم شخص نیویارک کے علاقے مین ہیٹن کے ٹائمز اسکوائر کی اسٹریٹ 45 میں مشکوک گاڑی پارک کرکے غائب ہوگیا جس کے کچھ دیر بعد گاڑی میں موجود دھماکا خیز مواد کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے اڑانے کی کوشش کی گئی تاہم مواد پوری طرح پھٹ نہ سکا اور گاڑی میں آگ لگ گئی پولیس جب موقع پر پہنچی تو گاڑی سے دھواں اٹھ رہا تھا پولیس کی جانب سے گاڑی کا جائزہ لینے پر اس کی پچھلی سیٹ سے دھماکا خیز مواد کا پیکٹ پایا گیا جس پر فائر فائٹرز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیاگیا اور علاقے کوہزاروں سیاحوں سے خالی کرالیا گیا ، فائر فائٹرز نے گاڑی کولگی آگ کوبجھادیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اس کے اندر موجود دھماکا خیز مواد ناکارہ بنایا دیا ۔

(جاری ہے)

واقعہ کی تحقیقات کیلئے ٹائمز اسکوائر اور اس کے اردگرد کی چند گلیوں اور سڑکوں کو ٹریفک اور عام لوگوں کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیاہے ۔ ڈپٹی کمشنر پاوٴل جے براوٴن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ ظاہری طورپر یہ کار بم دھماکہ لگتاتھا جسے پاتھ فائنڈر میں 45 اسٹریٹ پر کھڑاگیاتھا۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ گاڑی سے دھماکا خیز مواد، بعض اقسام کاپاوٴڈر،گیسولِین، پروپین اور جلی ہوئی تاریں برآمد ہوئی ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اورپولیس سیکورٹی کمیروں کاجائزہ لے رہی ہے تاہم فوری طورپرکوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔دوسری جانب وائٹ ہاوٴس کے مطابق صدر باراک اوباما کواس ساری صورتحال سے آگاہ کیاجاتارہا اورانہوں نے اس واقعہ کی تحقیقات میں مقامی انتظامیہ کی معاونت کاعزم ظاہرکیاہے ۔