اچھی نیند لمبی اور صحت مند زندگی کی ضمانت ہے، تحقیق

بدھ 5 مئی 2010 13:12

اچھی نیند لمبی اور صحت مند زندگی کی ضمانت ہے، تحقیق
لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مئی۔2010ء) سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اچھی اور پرسکون نیند زندگی کو نہ صرف صحت مند بلکہ طویل بناتی ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق وہ افراد جو 6سے 8گھنٹے سوتے ہیں وہ اس سے کم سونے والوں کی نسبت زیادہ صحت مند اور لمبی عمر جیتے ہیں۔محققین کے مطابق رات کو سونے کا بہترین اور صحت بخش دورانیہ سات گھنٹے کا ہے۔ تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ کم نیند لینے سے جلدی موت واقع ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

سائنسدانو ں کے مطابق کم خوابی کا شکار یا جان بوجھ کر کم سونے والے افراد میں اموات کی شرح روزانہ چھ سے آٹھ گھنٹے نیند لینے والوں سے 12فیصد زیادہ ہوتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کم سونے والے ہی نہیں بلکہ 9یا اس سے زیادہ گھنٹے نیند لینے والے بھی ایسی صورتحال سے دوچار ہوتے ہیں۔تاہم وہ لوگ جو 9گھنٹے یا اس سے زیادہ دیر تک سوتے ہیں ان میں موت کا خطرہ تو زیادہ نہیں ہوتا مگر بہت سی دیگر بیماریوں کا شکار ہوجاتے ہیں۔اس لیے چھ سے آٹھ گھنٹے کی نیند لازمی لینی چاہیے، اس میں کمی یا بیشی نہیں کرنی چاہیے تاکہ صحت مند رہا جاسکے۔