ضمنی انتخاب: پی پی اور ن لیگ کے دھاندلی کے الزامات

ہفتہ 15 مئی 2010 20:47

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15مئی۔2010ء) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ دھاندلی پیپلزپارٹی کی فطرت میں شامل ہے۔ حلقہ تریسٹھ میں پی پی کے وزراء نے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ تسنیم قریشی نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ وزیر لاقانون ہیں۔ووٹنگ کے دوران پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان دھاندلی کے الزامات کا سلسلہ جاری رہا۔

پنجاب اسمبلی کے حلقہ تریسٹھ فیصل آباد میں نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے وزراء نے انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دھاندلی پیپلزپارٹی کی فطرت میں شامل ہے۔ اس حلقے میں موجود پی پی کے ارکان نے مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے پولنگ رکوانے کی کوشش کی تاکہ بعد میں دھاندلی کا الزام لگاسکیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیر مملکت برائے داخلہ تسنیم قریشی نے فیصل آباد میں نجی ٹی وی سے بات چیت میں کہا کہ پنجاب میں پٹواری اور پولیس کے نظام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کو ہرانے کی کوشش کی۔تسنیم قریشی نے کہا کہ جھنگ میں وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے پیپلز پارٹی کی فتح روکنے کی کوشش کی۔ رانا ثنا اللہ وزیر قانون نہیں بلکہ وزیر لاقانون ہیں۔ادھر وفاقی وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق بورے والا میں ایف سی کے چھ اہلکار وفاقی وزیر کی سیکورٹی پر مامور تھے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر ملک میں کسی بھی مقام پر جاسکتا ہے اورسیکورٹی رکھنا اس کا حق ہے۔

متعلقہ عنوان :