انصاف کا بروقت حصول ہر شہری کا بلا امتیاز حق ہے، خواجہ محمد شریف

منگل 22 جون 2010 12:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔22جون۔ 2010ء) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ خواجہ محمد شریف نے کہا ہے کہ عدلیہ کو قومی جوڈیشل پالیسی کے تحت دئیے گئے ٹارگٹ میں 31مئی سے 31دسمبر تک توسیع کر دی گئی ہے‘ اس فیصلے سے ماتحت عدلیہ پر دباؤ کم ہوگا اور بہتر فیصلے کرنے کیلئے وقت ملے گا‘ انصاف کا بروقت حصول ہر شہری کا بلاامتیاز حق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں کیا ۔

وفد بار کے صدر ایس ایم اقبال، سیکرٹری رانا علی عباس خان، نائب صدر سید صفدر بخاری اور جوائنٹ سیکرٹری ملک وسیم مشتاق کھنہ کے علاوہ پنجاب بار کونسل کے رکن محمد جاوید اعوان اور چنگیز احمد خان کاکڑ پر مشتمل تھا ۔ ملاقات میں لاہور ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس چوہدری اعجاز احمد اور جسٹس شیخ عظمت سعید بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس خواجہ محمد شریف نے صدر بار فیصل آباد ایس ایم اقبال کی طرف سے دورہ فیصل آباد کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ وہ آئندہ ماہ نہ صرف خود بلکہ جسٹس چوہدری اعجاز احمد اور جسٹس شیخ عظمت سعید بھی فیصل آباد بار آئیں گے ۔

اس موقع پر ایس ایم اقبال نے فیصل آباد میں ہائی کورٹ بنچ کے قیام کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد بار ملک کی تیسری بڑی بار ہے جبکہ فیصل آباد ریونیو کی ادائیگی کے سلسلہ میں دوسرے نمبر پر ہے یہاں ہائی کورٹ بنچ کے قیام کا 25سالہ پرانا مطالبہ ایک کروڑ عوام کے دلوں کی آواز ہے اس لئے چیف جسٹس خواجہ محمد شریف اپنے موجودہ عہدہ کے دوران ہی ہائی کورٹ بنچ کا اعلان کر کے فیصل آباد کے ایک کروڑ عوام پر احسان کریں۔

ایس ایم اقبال نے مزید کہا کہ آئین کے آرٹیکل 37کا تقاضا بھی یہی ہے کہ لوگوں کو جلد اور سستا انصاف فراہم کیا جائے چنانچہ فیصل آباد بار کا مطالبہ نہ صرف بار بلکہ ایک کروڑ عوام کا آئینی حق ہے۔ اس موقع پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے آئین کے آرٹیکل 198کا حوالہ دیا اور فیصل آباد بار کے مطالبے پر مثبت انداز میں غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ سیکرٹری رانا علی عباس خان نے چیف جسٹس خواجہ محمد شریف کو یاد دلایا کہ عدلیہ کی بحالی کی تحریک کے دوران فیصل آباد بار نے بہت قربانیاں دی تھیں اور فوجی آمر کی طرف سے بنچ کے قیام کی پیش کش کو بھی ٹھکرا دیا تھا۔

صدر بار نے ایسے وکلاء جن کے پاس چیمبرز نہیں ہیں کے مسائل کابھی ذکر کیا اور چیف جسٹس خواجہ محمد شریف کو ایک تحریری درخواست پیش کی جس میں ضلع کچہری فیصل آباد میں بخشی خانہ کی بوسیدہ اور پرانی عمارت چیمبرز تعمیر کرنے کیلئے الاٹ کرنے کی استدعا کی گئی ۔ چیف جسٹس خواجہ محمد شریف نے اس درخواست پر ڈسٹرکٹ جج فیصل آباد طاہر پرویز سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور یقین دہانی کرائی کہ یہ جگہ چیمبرز کی تعمیر کیلئے بار کو دے دی جائے گی۔

چیف جسٹس کے استفسار پر نائب صدر بار سید صفدر بخاری نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر پرویز اور ماتحت عدلیہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ جوائنٹ سیکرٹری بار ملک وسیم مشتاق کھنہ کی طرف سے توجہ دلانے پر چیف جسٹس نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ بینکنگ کورٹس کو بھی احاطہ سیشن کورٹ میں منتقل کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔