لاہور: جعلی ڈگریوں کی خبریں روکنے کی استدعا خارج

پیر 19 جولائی 2010 16:17

لاہور: جعلی ڈگریوں کی خبریں روکنے کی استدعا خارج
لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 جولائی۔2010ء) لاہور ہائیکورٹ نے رکن پنجاب اسمبلی ملک اقبال لنگڑیال کی جانب سے میڈیا پر جعلی ڈگری سے متعلق خبریں روکنے کی استدعا خارج کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ میڈیا کو حقائق سامنے لانے سے نہیں روکا جا سکتا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شیخ عظمت سعید پر مشتمل الیکشن ٹربیونل مسلم لیگ ق کے رکن ملک اقبال لنگڑیال کی نااہلی کے لئے دائر پٹیشن کی سماعت کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

دوران سماعت رکن اسمبلی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رکن اسمبلی کی ڈگری کے حوالے سے خبریں نشر کرکے میڈیا ٹرائل کیا جا رہاہے ،اسے روکا جائے ۔ اس موقعے پر عدالت نے قرار دیا کہ ڈگریوں کا ایشو پارلیمانی کمیٹی نے اٹھایا ہے اور اگر میڈیا ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے آنے والی رپورٹ کی بنیاد پر کسی ڈگری کو جعلی کہتا ہے تو اسے روکا نہیں جاسکتا ۔عدالت نے مزید قرار دیا کہ حقائق سامنے لانا میڈیا کا قانونی حق ہے تاہم اگر بدنیتی کی بنیاد پر غلط خبر نشر کی جائے تو اس کے لئے قانونی راستے موجود ہیں ۔عدالت نے استدعا خارج کرتے ہوئے پٹیشن کی سماعت تئیس جولائی تک ملتوی کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :