نوشہرو فیروز میں کنوئیں میں زہریلی گیس اور دیگر واقعات میں باپ بیٹے سمیت8 افراد جاں بحق، 2 زخمی ہو گئے،بھنگر ماچی میں کنوئیں میں گری بکری کو نکالتے ہوئے باپ بیٹے سمیت 5 افراد دم توڑ گئے، مسافر ویگن کی سیٹوں پر بیٹھنے کی تکرار پر دو گروپوں میں تصادم،2افراد ہلاک، 2زخمی، پڈ عیدن میں ریلوے ملازم نامعلوم ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا

منگل 30 اکتوبر 2012 16:14

نوشہرو فیروز/مورو/پڈعیدن(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین، آئی این پی ۔30اکتوبر 2012ء) ضلع نوشہرو فیروز میں کنوئیں میں زہریلی گیس اور دیگر واقعات میں باپ بیٹے سمیت8 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق پہلا واقعہ عید کے چوتھے روز اس وقت پیش آیا جب مورو کے گاؤں بھنگر ماچی میں کنوئیں میں گری بکری کو نکالتے ہوئے باپ بیٹے سمیت 5 افراد دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔

پولیس تھانہ لغاری کے مطابق رمضان سولنگی کے گھر اس وقت کہرام مچ گیا جب رمضان سولنگی کی بکری ایک پرانے متروک کنوئیں میں گر گئی جسے نکالنے کیلئے کنوئیں میں اترنے والا رمضان سولنگی کافی دیر تک جب کنوئیں سے باہر نہ نکلا تو اس کا بیٹا مقصود سولنگی کنوئیں میں اترا لیکن وہ بھی واپس نہیں نکلا جس پر گاؤں سے تعلق رکھنے والے مزید 3 افراد نذیر سولنگی ‘ صدام سولنگی او رایک نامعلوم دیہاتی بھی کنوئیں میں اتر گئے لیکن یہ سب کنوئیں سے باہر نہ نکلنے جس پر سینکڑوں دیہاتی موقع پر جمع ہو گئے اور ضروری اقدامات کے بعد کنوئیں میں اترے اور مذکورہ پانچوں افراد کو مردہ حالت میں کنوئیں سے نکالا۔

(جاری ہے)

دیہاتیوں اور عینی شاہدین کے مطابق کنوئیں میں زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے سے پانچوں افراد جاں بحق ہو گئے۔ دوسری جانب پولیس تھانہ لغاری نے رابطہ پر بتایا کہ واقعہ بکری کو نکالتے ہوئے زہریلی گیس سے دم گھٹنے کے باعث پیش آیا۔ واقعہ کے بعد پورے گاؤں پر سوگ کا عالم ہے۔ دوسرے واقعہ میں نوشہرو فیروز سے کنڈارو جانے والی مسافر ویگن کی سیٹوں پر بیٹھنے کی تکرار پر دو گروپوں میں تصادم ہوا جس دوران فائرنگ کے نتیجے میں وقار جتوئی ‘ عیسیٰ پنہور موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ رہب منگریوں اور محمد پنہور زخمی ہو گئے جنہیں کنڈیارو ہسپتال میں داخل کرا دیاگیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک راہگیر بھی شامل ہے اور تصادم ویگن میں بیٹھنے والی سیٹوں کے باعث پیش آیا۔ تیسرا واقعہ پڈ عیدن ریلوے اسٹیشن کے آؤٹر سگنل پر پیش آیا جب ریلوے ملازم خالد لاشاری نامعلوم ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق خالد لاشاری گشت پر تھا کہ حادثہ کا شکار ہو گیا۔ پولیس نے تمام واقعات کی الگ الگ رپورٹ درج کر کے ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔