فیصل آباد، محرم الحرام میں نقص امن کے خدشے کے پیش نظر 68علماء کرام و ذاکرین کے ضلع کے داخلے پر دو ماہ کیلئے پابندی عائد ، 1999ء میں وفات پاجانے والے ابن امیر شریعت سید عطاء المحسن بخاری کانام پابندی کی زد میں آنے والوں میں شامل

پیر 19 نومبر 2012 19:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔19نومبر۔2012ء) ڈی سی او فیصل آباد وحید اختر انصاری نے محرم الحرام میں نقص امن کے خدشے کے پیش نظر 1999ء میں وفات پانے والے ابن امیر شریعت سید عطاء المحسن بخاری سمیت مختلف مسالک کے 68علماء کرام و ذاکرین کے فیصل آباد داخلے پر دو ماہ کیلئے پابندی عائد کر دی ہے جبکہ 43مقامی علماء کرام و ذاکرین کی زبان بندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سی پی او فیصل آباد کی نشاندہی پر 12شیعہ ذاکرین، 6اہلحدیث، 10بریلوی اور 15دیوبندی علماء کرام کی زبان بندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جبکہ 18شیعہ ذاکرین، 9اہلحدیث، 33دیوبندی اور 8بریلوی علماء سمیت 68غیرمقامی افراد کے ضلع بندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جن میں سے 26نمبر پر درج امیر شریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاری کے صاحبزادے مولانا سید عطاء المحسن بخاری 13سال قبل انتقال کر چکے ہیں اور ملتان میں مدفون ہیں ان کے بھی فیصل آباد آنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔