ہڑتالی ڈاکٹرز لوگوں کے علاج معالجہ کی ذمہ داری پوری کریں، ڈاکٹرز بے شک اپنے ساتھی ڈاکٹر سعید کے اغواء کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھیں ، اس کے ساتھ انہیں چاہیے کہ وہ ہڑتال ختم کرکے عوام کے علاج معالجہ کی ذمہ داری پوری کریں،گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی کی ڈاکٹروں اور صحافیوں کے وفدسے گفتگو

منگل 20 نومبر 2012 20:57

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔20نومبر۔2012ء) گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی نے ہڑتالی ڈاکٹروں پر زور دیا ہے کہ لوگوں کے علاج معالجہ کی جو ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے وہ اسے پورا کریں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز بے شک اپنے ساتھی ڈاکٹر سعید کے اغواء کے خلاف اپنا احتجاج جاری رکھیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ انہیں چاہیے کہ وہ ہڑتال ختم کرکے عوام کے علاج معالجہ کی ذمہ داری بھی پوری کریں۔

(جاری ہے)

و ہ منگل کو یہاں ڈاکٹروں اور صحافیوں کے ایک مشترکہ وفدسے ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے انہوں نے ڈاکٹروں کو یقین دلایا کہ ڈاکٹر سعید کی بازیابی اور گرفتار ڈاکٹروں کے خلاف کیسز واپس لینے کیلئے وہ صوبائی حکومت پر زور دیں گے اور ان کے مسائل حل کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سعید کی بازیابی کیلئے پولیس ہر ممکن کوشش کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ پولیس پر اس وقت کوئی سیاسی دباؤ نہیں ہے اور انہیں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کیلئے فری ہینڈ دیا گیا ہے انہوں نے ڈاکٹروں سے کہا کہ وہ امید کادامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور مایوس نہ ہوں اور بہتری کی امید رکھیں انہوں نے کہا کہ بے شک اس وقت معاشرہ افراتفری اور تنزلی کے دور سے گزر رہا ہے تاہم وہ مستقبل سے مایوس نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہم اس دور سے بھی نکل جائیں گے ملاقات کے دوران ڈاکٹر سلطان ترین نے گورنر کو یقین دلایا کہ وہ ہڑتال ختم کرنے کیلئے اپنے ساتھیوں سے صلاح مشورہ کریں گے اس موقع پر سی سی پی او کوئٹہ میر زبیر، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ہاشم غلزئی اور پرنسپل سیکریٹری ٹو گورنر عبدالجبار بھی موجود تھے۔