بھارت کے خلاف سیریز کا بے صبری سے انتظار ہے ،سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں اہم کردار ادا کرناچاہتاہوں، بھارتی بلے بازوں کو ان کی سرزمین پر باؤلنگ کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم کے آف سپنر سعید اجمل کا انٹرویو

بدھ 21 نومبر 2012 13:00

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 21نومبر 2012ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آف سپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ وہ بھارت کے خلاف سیریز کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں،سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں اہم کردار ادا کرناچاہتاہوں۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کیریئر کا آغاز دیر سے کرنے کی وجہ سے انہیں بھارتی سرزمین پر صرف ایک بار ملک کی نمائندگی کا موقع ملا اسلئے وہ اس دورے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں کیونکہ بھارتی بلے بازوں کو ان کی سرزمین پر باؤلنگ کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2007ء میں بھارت کے خلاف سیریز نہ کھیلنے کا دکھ ہے کیونکہ ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ روایتی حریف کے خلاف عمدہ کھیل پیش کر کے اپنی صلاحیتوں کو منوائے لیکن انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ وہ اس دورے میں ملک کی نمائندگی کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دورہ بھارت کے لئے بھرپور تیاری کر رہے ہیں، آئی سی سی ون ڈے، ٹی ٹونٹی اور ایشیا کپ میں بھارتی بلے بازوں کے خلاف باؤلنگ اچھا تجربہ تھا جس سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے کوشش ہو گی کہ عمدہ کارکرگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو دونوں سیریز میں فتوحات دلاؤں۔