ملک کے ساتویں وزیراعظم ملک فیروز خان نون کی برسی ملک بھرمیں منائی گئی

اتوار 9 دسمبر 2012 16:23

سرگودھا /اسلام اباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔9دسمبر۔ 2012ء) پاکستان کے سابق اور ساتویں وزیراعظم ملک فیروز خان نون کی برسی اتوار کو ملک بھرمیں منائی گئی۔ ملک فیروز خان نون پنجاب کے ضلع سرگودھا کے علاقے بھلوال میں ایک زمیندار گھرانے میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے آکسفورڈ یونی ورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ قیام پاکستان کے بعد فیروز خان نون نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے خصوصی نمائندے کی حیثیت سے متعدد مسلم ممالک کے دورے کئے اس دوران ملک فیروز خان نون نے مسلم حکمرانوں کو قیام پاکستان کے اغراض و مقاصد اور اس ملک کے مسائل سے آگاہ کیا۔

ملک فیروز خان نون وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی وزیر تعلیم اور صحت اور گورنر مشرقی پاکستان بھی رہ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

فیروز خان نون قیام پاکستان کے بعد قائد اعظم کے نامزدکردہ پاکستان کے سفیر مقرر ہوئے۔ آپ نے پاکستان کو بیرون ملک روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کے ساتویں وزیراعظم ملک فیروز خا ن نون18 جون1893 کو پنجاب میں پیدا ہوئے اور تحریک پاکستان میں پیش پیش رہے۔آپ 1957 میں پاکستان کے وزیر خارجہ اور پھر 16 دسمبر1957 میں ہی پاکستان کے ساتویں وزیر اعظم منتخب ہوئے۔سیاست سے وابستہ ہونے کے ساتھ ساتھ انہوں نے پانچ کتابیں بھی تحریر کیں جس میں ان کی خود نوشت بھی شامل ہے۔ فیروز خان نون 9 دسمبر1970 کو خالق حقیقی سے جاملے۔