پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی کی بنا پر 1970 کی تاریخ دھراکر ملک میں دوبارہ حکومت بنائے گی ،ہم اقتدار میں آ کر عوام کے مسائل حل کریں گے، انہیں با اختیار بنائیں گے،پاکستا ن کو استحکام دیں گے، بالاکوٹ کے عوام کو سوئی گیس کی منظوری دیں گے،ہری پور آ کر ایکسپریس وے منصوبے کا افتتاح کریں گے،تمام مسائل اور مطالبات انشاء اللہ الیکشن سے پہلے پہلے حل ہو جائیں گے، نیو بالاکوٹ سٹی کے قیام کے لئے علیحدہ اتھارٹی ہونی چائیے،نیو بالاکوٹ سٹی قائم ہو گا، متاثرین کو ملنے والے پلاٹ ہر گز کینسل نہیں ہوں گے،پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر انور سیف اللہ خان کاجلسہ سے خطاب

اتوار 9 دسمبر 2012 20:50

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔9دسمبر۔ 2012ء) پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر انور سیف اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی کی بنا پر 1970 کی تاریخ دھراکر ملک میں دوبارہ حکومت بنائے گی ۔ہم اقتدار میں آ کر عوام کے مسائل حل کریں گے انہیں با اختیار بنائیں گے اور پاکستا ن کو استحکام دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بالاکوٹ کے مقام پر بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ہزارہ ڈویژن سے بڑے بڑے جلوسوں کی شکل میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جلسے کا اہتمام صوبائی اسمبلی حلقہ 54 کے نمائندے اور صوبائی وزیر آبپاشی سید احمد حسین شاہ اور ان کے والد سید مزمل شاہ اور پارٹی کے کارکنوں نے کیا تھا۔

جلسہ میں صوبائی وزراء سید ظاہر علی شاہ ، شجاع سالم خان، محمد ہمایون خان ، لیاقت شباب ، نوابزادہ محمود زیب ، محمد سلیم خان، چئیر مین بیت المال زمرد خان ،شازیہ اورنگزیب ،ڈاکٹر فائزہ رشید اور نگہت اورکزئی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں شازیہ اورنگزیب اور نگہت اورکزئی نے اپنی سابقہ پارٹیوں کو چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شرکت کا اعلان کیا۔

جلسہ سے سید مزمل شاہ، سید احمد حسین شاہ،شجاع سالم خان، نگہت اورکزئی،شازیہ اورنگزیب ، ڈاکٹر فائزہ رشید ، لیاقت شباب اور زمرد خان نے خطاب کیا۔سید احمد حسین شاہ نے اپنے خطاب اور سپاسنامہ میں علاقہ کے اجتماعی مسائل پیش کئے۔انہوں نے بالاکوٹ کو سوئی گیس کی فراہمی ،ایکسپریس وے کے منصوبے کو جلد شروع کرنے،پارس کے مقام پر نادرا کا سب آفس قائم کرنے ،بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مزید مستحقین کی مدد کرنے ایرا کے منصوبے بر وقت مکمل نہ کرنے اور نیو بالاکوٹ سٹی کے منصوبے کے خاتمے کا اعلان کرنے کے الزام میں ایرا کے چئیر مین کو عہدے سے ہٹانے ،نیو بالاکوٹ سٹی کا منصوبہ شروع کروانے ،تحصیل ھیڈ کوارٹرز ہسپتال کو بالاکوٹ شہر کے اندر قائم کرنے،حصہ کے مقام پر پختہ پل تعمیر کرنے اور بالاکوٹ ،حصہ اور گڑھی حبیب اللہ روڈکو پختہ کرنے سمیت کئی دیگر مسائل پیش کئے۔

انور سیف اللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو ہمیشہ ایسے وقت میں اقتدار ملتا ہے جب ملک میں بحران جیسی کیفیت ہوتی ہے اور وہ اپنی ذمہ داری کو بخوبی سر انجام دینے میں کامیاب ہوتی ہے ہم اقتدار میں آ کر بیروزگاری کو ختم کریں گے عوام کو ان کے حقوق فراہم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے گذشتہ دور میں 30 ہزار بیروزگاروں کو روزگار دیا۔

انشاء اللہ اپنے آئندہ دور میں 30 لاکھ افراد کو روزگار دلاؤں گا۔سپاسنامے میں پیش کردہ مسائل کے جواب میں انور سیف اللہ خان نے بالاکوٹ کے مقام پر ہزارہ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ منعقد کرانے پر سید احمد حسین شاہ کو خراج تحسین پیش کیا۔انہو ں نے کہا کہ خطبہ استقبالیہ میں جو مطالبات پیش کئے گئے ہیں وہ پارٹی کے صوبائی صدر کی حثییت سے اصولی طورپر ان مطالبات سے اتفاق کرتے ہیں اور عنقریب وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کر کے یہ تمام مطالبات ا ن کے نوٹس میں لاؤں گا۔

انہوں نے وعدہ کیا انشاء اللہ وزیر اعظم پاکستان بالاکوٹ کے عوام کو سوئی گیس کی منظوری دیں گے جلد ہری پور آ کر ایکسپریس وے منصوبے کا افتتاح کریں گے ۔انہوں نے یقین دلایا کہ یہ تمام مسائل اور مطالبات انشاء اللہ الیکشن سے پہلے پہلے حل ہو جائیں گے ۔ایرا کی کارکردگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیو بالاکوٹ سٹی کے قیام کے لئے علیحدہ اتھارٹی ہونی چائیے انشاء اللہ نیو بالاکوٹ سٹی قائم ہو گا اور متاثرین کو ملنے والے پلاٹ ہر گز کینسل نہیں ہوں گے ۔

صوبائی وزراء نے اپنی تقاریر میں سید احمد حسین شاہ کی جانب سے پیش کردہ تمام مطالبات منظور کر لئے پاکستان بیت المال کے چئیر مین زمرد خان نے سویٹ ہوم کے لئے بالاکوٹ سے 100 یتیم بچے لینے اور بالاکوٹ کے عوام کو ضرورت کے مطابق ویل چئیر ز دینے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار میں آ کر ہزارہ کے عوام کو علیحدہ صوبے کا تحفہ دے گی۔