ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی جیت نے مخالفین کے ہوش اُڑا دئیے ہیں ،انہیں انتخابات کے دو دن بعد دھاندلی کے الزامات یا دآگئے، ان حلقوں میں الیکشن کے دوران مخالف سیاسی جماعتوں کے کسی امیدوار نے الیکشن کمشنر کو الزامات پر مبنی کوئی درخواست ،ٹیلی گرام یاایس ایم ایس نہیں بھیجا ، اگر کسی جگہ کوئی دھاندلی کا پہلو ہوتا تو الیکشن کے دوران وہاں موجود میڈیاضرور رپورٹ کرتا ، حقیقت یہ ہے کہ عوام مسلم لیگ ن کو چاہتی ہے اور پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی حکمرانوں کی بد اعمالیوں سے تنگ آچکی ہے جنہوں نے عوام کو اندھیروں،بے روزگاری،بد امنی اور دیگر کئی مسائل میں ڈبویا ہوا ہے،صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں کاجلسہ سے خطاب

پیر 10 دسمبر 2012 20:12

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔10دسمبر۔ 2012ء) صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی جیت نے مخالفین کے ہوش اُڑا دئیے ہیں اور انہیں انتخابات کے دو دن بعد دھاندلی کے الزامات یا دآگئے ہیں حالانکہ ان حلقوں میں الیکشن کے دوران مخالف سیاسی جماعتوں کے کسی امیدوار نے الیکشن کمشنر کو الزامات پر مبنی کوئی درخواست ،ٹیلی گرام یاایس ایم ایس نہیں بھیجا جو کہ الیکشن کے شفاف اور آزادانہ نہ ہونے کا اعتراف ہے جبکہ اگر کسی جگہ کوئی دھاندلی کا پہلو ہوتا تو الیکشن کے دوران وہاں موجود میڈیاضرور رپورٹ کرتا لیکن حقیقت یہ ہے کہ عوام پاکستان مسلم لیگ ن کو چاہتی ہے اور پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی حکمرانوں کی بد اعمالیوں سے تنگ آچکی ہے جنہوں نے عوام کو اندھیروں،بے روزگاری،بد امنی اور دیگر کئی مسائل میں ڈبویا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

وہ فیکٹری ایریا سرسید ٹاؤن میں ایک کروڑ10لاکھ روپے کی لاگت سے نوتعمیر شدہ لیڈیز پارک وجم کے افتتاح کے بعد عوامی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔صوبائی وزیرقانون نے کہاکہ عوام آئندہ عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب کریں کیونکہ محمد نواز شریف کے پاس ملک کو درپیش موجودہ مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے ماہرین کی ٹیم موجود ہے اور وہ پاکستان کوترقی کی بلندیوں تک لے جانے کی پوری صلاحیت اور عزم رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاق میں مخالفین کی حکومت کے باعث اگرچہ ہم عوام کا خاطر خواہ بھلا نہیں کرسکے لیکن وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ پنجاب حکومت کا دعوی ہے کہ دیانتداری اور اخلاص سے عوام کی خدمت کرہے ہیں اور کرپشن کے حوالے سے کوئی ان پر انگلی نہیں اٹھا سکتا کیونکہ اگر کوئی ایسی بات ہوتی تو مخالفین انہیں معاف نہ کرتے جبکہ رحمن ملک اور گورنر پنجاب نے مختلف ایجنسیوں کو ان کے پیچھے لگا رکھا ہے اور صدر زرداری بھی ان کے خلاف کوئی مضبوط امیدوار ڈھونڈرہے ہیں۔