حکومت سرائیکی صوبے کیلئے سنجیدہ ہے، مسلم لیگ(ن) پنجاب کی تقسیم نہیں چاہتی، سرائیکی صوبہ جنوبی اضلاع کے عوام کا مطالبہ ہے ، (ن) لیگ سازشوں سے سرائیکی عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ، پنجاب اسمبلی میں سرائیکی صوبے کی متفقہ قرارداد منظور کر چکی ہے، وزیر مملکت سردار بہادر خان سیہڑ کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہرصحافیوں سے بات چیت

منگل 11 دسمبر 2012 21:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔11دسمبر۔ 2012ء) وزیر مملکت سردار بہادر خان سیہڑ نے کہا کہ حکومت سرائیکی صوبے کیلئے سنجیدہ ہے، مسلم لیگ(ن) پنجاب کی تقسیم نہیں چاہتی، سرائیکی صوبہ موجودہ پنجاب کے جنوبی اضلاع کے عوام کا متفقہ مطالبہ ہے کہ مسلم لیگ(ن) سازشوں کے ذریعے سرائیکی عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ پنجاب اسمبلی میں سرائیکی صوبے کی متفقہ قرارداد منظور کر چکی ہے۔

منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود مسلم لیگ(ن) نے سپیکر قومی اسمبلی کے احکامات پر بننے والے کمیشن میں شرکت نہ کرکے ثابت کر دیا کہ مسلم لیگ(ن) دراصل پنجاب کی تقسیم کے خلاف ہے اور سرائیکی عوام کو پنجاب کا مفلوج بنا کر رکھنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ مجبوری ہے کہ نیا صوبہ بنانے کیلئے آئین کے آرٹیکل1میں ترمیم کرنا ہو گی جس کی خاطر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں دوتہائی اکثریت چاہیے۔

لیکن حکومت کے پاس دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت موجودنہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود سینیٹر فرحت اللہ بابر کی قیادت میں بننے والے کمیشن کی کارکردگی شاندار ہے۔مسلم لیگ(ن) کو بھی چاہیے کہ مذکورہ کمیشن میں شریک ہو اور سرائیکی عوام کے مطالبے کوتسلیم کرے۔