بلدیاتی نظام کے ذریعے سندھ کو تقسیم کیا گیا: نواز شریف

جمعرات 13 دسمبر 2012 18:41

دادو(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔13دسمبر۔ 2012ء) مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف نے کہا ہے کہ پانچ سالوں میں سندھ اور پاکستان کے عوام کی حالت نہیں بدلی۔ پیپلز پارٹی نے اپنے ووٹروں کی قدر نہیں کی۔ خیر پور ناتھن شاہ میں جلسے سے ٹیلیفونک خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ وہ سندھ کے عوام کو بھولے نہیں ہیں۔ موسم کی خرابی کی وجہ سے سندھ نہیں آ سکے۔ خدمت کا موقع ملا تو خیر پور ناتھن شاہ میں یونیورسٹی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے کہا کہ ہر معملے میں سندھ سے نا انصافی ہوئی ہے۔ بلدیاتی نظام کے ذریعے سندھ کو تقسیم کیا گیا ہے۔ یہ سندھ کے حقوق پر ظلم اور زیادتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا دور اقتدار سب کے سامنے ہیں ۔ مہنگائی، بے روزگاری کی صورتحال ایسی نہیں تھی جو موجودہ دور میں ہے۔ جلسے سے خطاب میں مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنماؤں لیاقت جتوئی، سلیم ضیاء اور سردار منظور پنہور نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ مسلم لیگ فنکشنل کے سندھ میں بلدیاتی نظام کے خلاف جمعے کو حیدر آباد میں ہونے والے جلسہ عام کی حمایت کرتے ہیں اور اس میں بھر پور شرکت کرینگے۔