خیرپور پولیس نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا ،وزیرستان سے کراچی جاتے ہوئے کار میں سوار خاتون اور بچے سمیت7دہشتگرد گرفتار،3خودکش جیکٹس اور بھاری مقدار میں بارودی مواد ،اسلحہ اور بم برآمد

جمعرات 20 دسمبر 2012 19:15

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔20دسمبر۔ 2012ء) خیرپور پولیس نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا ،وزیرستان سے کراچی جاتے ہوئے کار میں سوار خاتون اور بچے سمیت 7 دہشتگرد گرفتار کرکے3خودکش جیکٹس اور بھاری مقدار میں بارودی مواد ،اسلحہ اور بم برآمد کرلئے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق خیرپور پولیس نے دہشتگردی کے بڑے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے گمبٹ کے قریب قومی شاہراہ پر دوران چیکنگ دوکرولا کاروں کو روک کر ایک خاتون اور 7سالہ بچے سمیت7دہشتگردوں کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے 3عدد خودکش جیکٹس ،12راکٹ گولے،1000گولیاں12ڈیٹونیٹر بم،26عدد دھماکے دار سیلیش200کلو گرام منشیات اوربھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کرلیا ہے اس سلسلے میں ایس ایس پی آفیس خیرپور میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی سکھر ڈاکٹر امیر شیخ اور ایس ایس پی خیرپور عرفان مختیار بھٹو نے بتایا کہ ہمیں خفیہ اطلاع ملی کہ قومی شاہراہ پر دہشتگردوں کا ایک گروہ وزیر ستان سے کراچی میں بڑے دہشتگردی کے منصوبے سے جارہا ہے پولیس نے فوری علائقہ کی ناکہ بندی کرکے خاتون اور بچے سمیت 7دہشتگردوں فاروق ولد محمد افضل،ذیشان ،مینار،مسعود ،کائنات اور 7سالہ بلال کو گرفتار کیاہے جن کا تعلق جنوبی وزیر ستان سے بتایا جاتا ہے اور یہ دہشتگرداس سے قبل بھی وزیرستان سے کراچی میں بارودی مواد پہنچاتے رہے ہیں جبکہ دہشتگردوں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ دہشتگردی میں استعمال ہونے والا سامان سہراب گوٹھ میں بلوچ نامی شخص کو پہنچاتے ہیں جو ہمیں فی ٹرپ کا ایک لاکھ روپے معاوضہ دیتے ہیں اور یہ دھماکے دار مواد کراچی میں ہونے والی دہشتگردی کی کاروائیوں میں استعمال ہوتا ہے جبکہ آئی جی سندھ فیاض لغاری نے خیرپور پولیس کی بہترین کارکردگی کو سرہاتے ہوئے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔