اگر ایم کیو ایم اورتحریک منہاج القرآن دو جسم، ایک روح ہیں تو پھر ان کیلئے ہمیشہ دعاء گو ہیں ، تمام جماعتوں کو اپنے فیصلے کرنے کا حق ہے ،آج بی بی کی سیاست پر تبصرہ کر نے والے ان کی سیاست کے بارے میں الف ب تک نہیں جانتے،وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سید خورشید احمد شاہ کی سکھرائیرپورٹ پرمیڈیاسے بات چیت

بدھ 26 دسمبر 2012 21:07

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔26دسمبر۔ 2012ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ اگر ایم کیو ایم اورتحریک منہاج القرآن دو جسم، ایک روح ہیں تو ہم ا ن کیلئے ہمیشہ دعاء گو ہیں ،یہ سیاسی باتیں ہیں تمام جماعتوں کو اپنے فیصلے کرنے کا حق ہے ان پر اثر انداز نہیں ہونا چاہیے۔وہ سکھر ائیر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

خورشیدشاہ نے کہاکہ پارٹی میں تبدیلی لانے کا وقت نہیں کیونکہ ہم الیکشن میں جا رہے ہیں اور جو لوگ الیکشن کرانے کے خلاف سازش کر رہے ہیں ہم اسے ناکام بنادینگے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ بی بی کی سیاست پر تبصرہ کر رہے ہیں انہیں بی بی کی سیاست کے بارے میں الف ب تک معلوم نہیں کہ بی بی کا ویژن یہی تھا کہ آج پارلیمنٹ مستحکم اور بالا ادارہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوڈیرو میں سی ای سی کے ہونے والے اجلاس میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو ان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا جائیگا اور پہلی بار بلاول بھٹو پارٹی کے اجلاس کی صدرات کرینگے ۔