فیصل آباد: گیس کا بحران شدید، مزدوروں کا احتجاج

جمعرات 27 دسمبر 2012 13:05

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27دسمبر 2012ء) فیصل آباد میں گیس بحران شدت اختیار کر گیا۔گیس لوڈ شیڈنگ کے خلاف مزدوروں اور شہریوں نے سرگودھا روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے روڈ بلاک کردی۔ گیس نہ ہونے کے باعث بند ہونے والی فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدور اور قریبی آبادیوں کے رہائشی گیس کی لوڈ شیڈنگ سے تنگ آکر سڑکوں پر نکل آئے ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں ڈنڈے اٹھارکھے تھے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

گیس لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجا ج کرتے ہوئے مظاہرین نے ٹائر جلا کر سرگودھا روڈ کو دونوں جانب سے بلاک کردیا جس سےٹریفک کی روانگی بری طرح متاثر ہوئی۔ مظاہرین کئی گھنٹے احتجاج کرتے رہے مگر ان سے مذاکرات کے لیے کو ئی سوئی گیس حکام میں سے نہ آیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کئی روز سے گیس بند ہونےکے باعث ان کے گھروں کے چولہے بند ہیں اور نہ ہی فیکٹریوں میں کام چل رہا ہے ۔ فیصل آباد میں گیس بحران سے تنگ آکر صنعتکار اور مزدور سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور صنعت کاروں کی جانب سے گیس بحران کےخلاف سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا اعلان کیا جاچکاہے۔