اکبر بگٹی قتل کیس‘ آفتاب شیرپاوٴ ،جام محمد یوسف اور میر شعیب نوشیروانی کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست جزوی طور پر منظور، اگلی پیشی پر پیش ہونے کا حکم

منگل 1 جنوری 2013 16:56

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 1جنوری2013ء) کوئٹہ میں انسدادادہشت گردی کی عدالت نے نواب اکبر خان بگٹی قتل کیس میں نامزد تین اہم ملزمان کی جانب سے پیشی سے استثنیٰ کی درخواست جزوی طور پر منظور کرلی ہے تاہم تینوں ملزمان کو اگلی پیشی پر پیش ہونے کا حکم دیا ۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیرپاوٴ ،سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام محمد یوسف اور سابق صوبائی وزیر داخلہ میر شعیب نوشیروانی نے نواب اکبر خان بگٹی قتل کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر ون کے جج محمد اسماعیل بلوچ کے روبرو پیش ہوتے ہوئے درخواست پیش کی کہ انہیں حاضری سے مستثنیٰ قراردیا جائے۔

عدالت نے درخواست جزوی طور پر منظور کرلی تاہم حکم دیا گیا کہ تینوں ملزمان اگلی پیشی پر بذات خود عدالت میں پیش ہوں کیس کی سماعت22 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔