بلوچستان میں صورتحال انتہائی بگڑچکی ،صوبائی حکومت امن و امان کے قیام میں ناکام ہوچکی ، کابینہ بے حس ہے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ، گورنربلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی کی ہزارہ قبیلے کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو ، حالات صوبائی حکومت کے کنٹرول سے باہر ہوچکے ہیں جن پر قابو پانے کے لئے فوج کو بلایا جائے،رکن اسمبلی جان علی چنگیزی

ہفتہ 12 جنوری 2013 13:54

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 12جنوری 2013ء ) گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی نے صوبے میں امن وامان کے قیام میں ناکامی پر بلوچستان حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال انتہائی بگڑچکی ہے لیکن صوبائی کابینہ بے حس ہے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔ وہ ہزارہ قبیلے کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

گورنر بلوچستان نے کہاکہ بلوچستان حکومت امن وامان کے اپنے بنیادی فرض کی ادائیگی میں ناکام ہوچکی ہے۔امن وامان کی صورتحال دن بہ دن بگڑتی جارہی ہے اور صوبائی کابینہ بے حسی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ گورنر بلوچستان نے انتہائی مایوسی کے ساتھ کہا کہ بلوچستان حکومت کے پاس کوئی آئینی اختیارات نہیں ،ان حالات میں صوبائی چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کو حالات کی بہتری کے لئے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی ہے۔

(جاری ہے)

رکن اسمبلی جان علی چنگیزی کا بھی کہنا تھا کہ حالات صوبائی حکومت کے کنٹرول سے باہر ہوچکے ہیں جن پر قابو پانے کے لئے فوج کو بلایا جائے۔ بلوچستان حکومت کے سب سے اعلی آئینی عہدے پر فائز شخصیت کی جانب سے حکومتی عمل داری کی کھلی ناکامی کے اعتراف کے بعد بلوچستان کے عوام اپنے جان ومال کے تحفظ کے لیے کس کی طرف دیکھیں۔