بدامنی ، مہنگائی بے روزگاری ، بجلی گیس کے شدید بحران کے خلاف جماعت اسلامی سکھر کا مظاہرہ، لوڈ شیڈنگ کے باعث شہری شدید ذہنی ڈپریشن کا شکار، لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے گھریلو اور کاروباری زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے،حزب اللہ جکھرو

منگل 15 جنوری 2013 21:15

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔15جنوری۔2013ء) ملک میں بڑھتی ہوئی بدامنی ، مہنگائی بے روزگاری ، بجلی گیس کے شدید بحران کے خلاف جماعت اسلامی ضلع سکھر کی جانب سے کارکنان کی بڑی تعداد نے صوبائی رہنما حزب اللہ جکھرو، مولانا مسعود علی ، غلام غوث غازی ،ڈاکٹر نذیر کمبوہ و دیگر کی قیادت میں گھنٹہ گھر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث معدنی وسائل سے مالا مال ملک کو سنگین بحرانوں کا سامنا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ملک میں دہشت گردی کا راج قائم ہو چکا ہے آئے دن ملک کے پر امن شہروں کی فضاء کو تباہ و برباد کیا جارہا ہے مگر ہمارے حکمرانوں کو اس جانب توجہ دینے میں تکلیف پیش آتی ہے انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث شہری شدید ذہنی ڈپریشن کا شکار ہو گئے ہیں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے گھریلو اور کاروباری زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری ختم کی جائے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے ملک کو مزید بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔