Live Updates

کچھ قوتیں انتخابات ملتوی کرانے کی کوششیں کررہی ہیں،نوازشریف، عمران خان اور طاہرالقادری کے بعد اب ہمیں تیسرے کا انتظار ہے، کراچی میں بد امنی کی ذمہ دار حکومت ہے، قائد ن لیگ کی سکھر ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 8 فروری 2013 13:05

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8فروری 2013ء) مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے لئے سیاسی جماعتوں سے مشاورت جاری ہے،کچھ قوتیں انتخابات ملتوی کرانے کی کوششیں کررہی ہیں۔یہ بات انہوں نے سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں کچھ قوتیں ایسے مطالبات کررہی ہیں جس سے انتخابات التوا کا شکار ہوجائیں۔

پہلے عمران خان پھر طاہرالقادری اب ہمیں تیسرے کا انتظار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بدامنی کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے۔

(جاری ہے)

شاہ زیب کے قتل پر بھی سندھ حکومت نے کچھ نہیں کیا بلکہ سپریم کورٹ کو نوٹس لینا پڑا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ سیاسی طور پر افسران کی تعیناتی اور ترقیاں کی جارہی ہیں۔سندھ کے 156 پولیس افسران کو آوٴٹ آف ٹرن ترقی دی گئی اور اسمبلی سے بل بھی پاس کرالیا گیا، جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں۔ بلوچستان میں گورنر راج ہٹائے جانے کے سوال پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ ابھی اس حوالے سے صورتحال واضح نہیں ہے جب ہوگی تو بتادیا جائے گا۔ صدر زرداری سے ملاقات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری اگر ان سے ملنے آرہے ہیں تو انہیں اس کا کوئی علم نہیں ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات