سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی تحلیل کیلئے طاہر القادری کی درخواست ،کامران فیصل کیس کی سماعت (کل) ، میمو سکینڈل و جمشید دستی کی جعلی ڈگری کیس میں نااہلی کے مقدمے کی سماعت منگل کو ہوگی، ( ن )لیگ کے الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کی پٹیشن میں فریق بننے کیلئے درخواست دائرکرنے کاامکان

اتوار 10 فروری 2013 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔10فروری۔ 2013ء) سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی تحلیل کیلئے تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی درخواست اوررینٹل پاورکیس کے سابق تفتیشی افسر کامران فیصل کی پراسرار ہلاکت کی تحقیقات کے متعلق دائر کردہ پٹیشن کی سماعت (کل) پیرکوجبکہ میمو سکینڈل اور پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی جعلی ڈگری کیس میں نااہلی کے مقدمے کی سماعت منگل کوہوگی،ادھر مسلم لیگ( ن )کی جانب سے الیکشن کمیشن کی تشکیل نو بارے طاہر القادری کی دائرکردہ پٹیشن میں فریق بننے کیلئے درخواست دائرکیے جانے کاامکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں جسٹس گلزار احمد اور جسٹس شیخ عظمت سعید پر مشتمل تین رکنی بنچ الیکشن کمیشن کی تحلیل کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کی درخواست کی سماعت کرے گاطاہرالقادری عدالت میں خود پیش ہو کر دلائل دیں گے جس کیلئے انہوں نے آئینی ماہرین سے مشاورت، سینئر وکلاء، دنیا بھر کے الیکشن کمیشن کے کام کرنے کا طریقہ کار، جمہوریت پر شفاف کمیشن کے اثرات ، ملکی اور غیر ملکی قوانین پر مبنی کتب کا مطا لعہ کیاہے ۔

(جاری ہے)

ادھر مسلم لیگ( ن ) کی جانب سے طاہر القادری کی الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کے لیے سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن میں فریق بننے کیلئے درخواست دائرکئے جانے کامکان ہے ۔کامران فیصل کی پراسرار ہلاکت کی تحقیقات کے متعلق دائر کردہ پٹیشن کی سماعت بھی (کل)پیرکوہوگی۔ عدالت نے کامران فیصل کی پراسرار ہلاکت کی تحقیقات کے متعلق دائر کردہ رٹ پٹیشن نمبر 02/2013 پر متعدد افراد کو نوٹس جاری کردیئے تھے نوٹس کی تعمیل کیلئے شفیق احمد شفیع سول جج درجہ اول میاں چنوں کے بیلف الله یار نے ان کے موبائل پر رابطہ کرکے تعمیل کرنے کا کہا تو انہوں نے تعمیل کرنے سے انکار کرتے ہوئے واضح طور پر کہا کہ وہ کیس کی پیروی نہیں کرنا چاہتے دیگر جن افراد کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں ان میں چیئرمین نیب فصیح بخاری، سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس اسلام آباد، چیئرمین پی ٹی اے ، چیئرمین پیمرا اسلام آباد، آئی جی پولیس اسلام آباد، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پولی کلینک اسلام آباد، پراسیکیوٹر جنرل نیب اسلام آباد، ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی، پرنپسل سیکرٹری چیئرمین نیب اسلام آباد، انور کمال ایس آر لاہورشامل ہیں ۔

ادھر کامران فیصل مرحوم اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب کے چچا ڈکاٹر انور سعید نے سپریم کورٹ میں پٹیشن کی پیروی سے انکار کردیا۔ سپریم کورٹ کا لارجر بنچ امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے خلاف میمو سکینڈل کیس کی سماعت منگل کو کرے گا۔ کیس میں حقانی کی وکیل عاصمہ جہانگیر ہیں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں قائم آٹھ رکنی لارجر بینچ جسٹس تصدق حسین جیلانی، جسٹس ناصر الملک ، جسٹس طارق پرویز، جسٹس آصف سعید خان کھوسہ، جسٹس اعجاز احمد چوہدری، جسٹس گلزار احمد اور جسٹس شیخ عظمت سعید پر مشتمل ہوگا۔

سپریم کورٹ کے جسٹس عارف خلجی حسین اور جسٹس جواد ایس خواجہ پر مشتمل رکنی بینچ پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جمشید احمد دستی کے جعلی ڈگری کیس میں ان کی نااہلی کے مقدمہ کی منگل کو سماعت کریگا ۔ سپریم کورٹ نے فریقین درخواست گزار عدنان احمد خان اور جمشید دستی کو نوٹس جاری کردیئے ہیں ۔دوسری جانب چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کا تین رکنی بنچ نے انتخابی اصلاحات کے بارے میں درخواستوں کی سماعت بدھ کوکرے گا۔

گزشتہ جمعرات کوہونے والی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سندھ سے فوج کے ذریعے ووٹرز کی گھر گھر تصدیق پر عمل درآمد کے بارے میں بیان حلفی طلب کرتے ہوئے کہاہے کہ بتایاجائے کہ یہ عمل کب شروع ہوااوراس میں فوج کے کتنے جوانوں نے حصہ لیا؟۔ اس موقع پر عمران خان کے وکیل حامد خان عدالت میں پیش ہوئے اورموقف اختیارکیا تھاکہ دو ماہ گزرنے کے باوجود گھر گھر تصدیق کا عمل شروع ہی نہیں کیا گیا ۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھاکہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں، عدالت کو بتایا جائے کہ کراچی کو کتنے علاقوں میں تقسیم کیا گیا،الیکشن کمیشن کے بعد سیکریٹری دفاع سے بھی پوچھا جائے گا۔اْنہوں نے کہا تھاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے بارے میں آئندہ سماعت پرپوچھیں گے۔