سرحدوں اور ریاستی امور کے وفاقی وزیر سینیٹر عباس خان آفریدی کی زیر صدارت وزارت کا اجلاس ،وفاقی سیکرٹری برائے سیفران حبیب اللہ خان اور دیگر حکام کی نئے وفاقی وزیر کو وزارت سیفران بارے بریفنگ

بدھ 13 فروری 2013 21:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔13فروری۔ 2013ء) سرحدوں اور ریاستی امور کے وفاقی وزیر سینیٹر عباس خان آفریدی کی زیر صدارت وزارت کا اجلاس بدھ کو منعقد ہوا اجلاس میں وفاقی سیکرٹری برائے سیفران حبیب اللہ خان اور دیگر حکام نے نئے وفاقی وزیر کو وزارت سیفران کے بارے میں بریفنگ دی۔ سینیٹر عباس خان آفریدی نے وزارت سیفران کے وفاقی وزیر کا چارج سنبھالنے کے بعد وزارت کے پہلے تعارفی اجلاس کی صدارت بھی کی۔

سیکرٹری حبیب اللہ خان نے وزارت کی سرگرمیوں اور جاری منصوبوں کے حوالے سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا ، وزارت کے اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے وزارت کے فروغ اور ملکی ترقی کیلئے حکام کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں اپنی تمام تر کوششیں اور محنت کو بروئے کار لائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ افغان مہاجرین کی بحفاظت وطن واپسی کے مسئلے کو تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر حل کرلیا جائے گا ، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں کہ وہ تمام جاری منصوبوں کو وقت پر مکمل کریں اور بالخصوص فاٹا اور ملک میں قائم افغان مہاجرین کے کیمپوں میں جاری منصوبوں کے بارے میں جلد رپورٹ پیش کریں۔

وفاقی وزیر نے حکام کو اپنے تعاون کا یقین دلایا ، وزارت کے افسران نے بھی وفاقی وزیر کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :