Live Updates

درجنوں حکومتی ارکان اسمبلی کی فیصل آباد سے نمائندگی کے باوجود ہائی کورٹ کے بنچ کا قائم نہ ہوناعوامی نمائندوں کی نااہلی اور شہریوں کے مینڈیٹ کی توہین کے مترادف ہے،ارکان اسمبلی نے اس عوامی مسئلہ کے حل میں سنجیدگی نہ دیکھائی توعوام آئندہ انتخابات میں ان نام نہاد عوامی نمائندوں کا بوریا بستر گول کر دیں گے، رہنماء تحریک انصاف انجینئر رانا مبشر علی خاں کا بیان

ہفتہ 23 فروری 2013 16:52

فیصل آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 23فروری 2013ء) تحریک انصاف کے رہنما وامیدوار صوبا ئی اسمبلی پی پی71 انجینئر رانا مبشر علی خاں نے کہا ہے کہ درجنوں حکومتی ارکان اسمبلی کی فیصل آباد سے نمائندگی کے باوجود ہائی کورٹ کے بنچ کا قائم نہ ہوناعوامی نمائندوں کی نااہلی اور فیصل آباد کے شہریوں کے مینڈیٹ کی توہین کے مترادف ہے، اگر ارکان اسمبلی نے اس اہم عوامی مسئلہ کے حل میں سنجیدگی نہ دیکھائی اورفیصل آباد میں ہائی کورٹ کا بنچ قائم نہ ہوا تو عوام آئندہ انتخابات میں ان نام نہاد عوامی نمائندوں کا بوریا بستر گول کر دیں گے، چالیس لاکھ سے زائد شہریوں کے متفقہ مطالبہ کو کوئی اہمیت ہی نہیں دی جارہی ہے۔

ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے وزراء آپس میں بیان بازی کر کے قوم کا قیمتی وقت اور سرمایہ ضائع کرنے کے ساتھ ساتھ حقیقی عوامی مسائل سے نظریں چرا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

روزانہ سینکڑوں شہریوں اور وکلاء کواپنے مقدمات کی پیروی کے لئے لاہور جانا پڑتا ہے جو وقت اور پیسے کا ضیاع ثابت ہو رہا ہے مگرشہر کے ارکان اسمبلی شہریوں کے مسائل پر سنجیدگی سے توجہ دینے کی بجائے اپنی حالت سنوارنے کے لئے مال غنیمت سمیٹنے میں مصروف ہیں ۔

انہیں عوام کے مفادات کا کوئی خیال نہیں اور دونوں ہاتھوں سے قومی دولت کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوراملک کرپٹ اور بددیانت لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے، جس کی وجہ سے معاشرہ ظلم اور ناانصافی کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ ملک میں آئین و قانون کی بالا دستی کی راہ میں حکمران ہی سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ حکمران اگر مخلص ہوتے تو کب کا فیصل آباد میں ہائی کورٹ کا بنچ قائم ہو چکا ہوتا۔ انہوں کہا کہ تحریک انصاف بر سر اقتدار آکر فیصل آباد کے شہریوں کو ان کا حق دلوائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات