آئندہ الیکشن میں اتحاد کیلئے تمام جماعتوں سے بات چیت ہوسکتی ہے، سیاسی جماعتوں کے لئے دروازے کھلے ہیں،متحدہ نے اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کی درخواست دی ، اکثریتی پارٹی ہی اپوزیشن کا حق رکھتی ہے،سیاست میں کوئی چیز آخری نہیں ہوتی ، گورنر سندھ ضرور واپس آئیں گے، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 24 فروری 2013 15:11

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔24فروری۔2013ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے لئے دروازے کھلے ہیں ، آئندہ الیکشن میں اتحاد کیلئے تمام جماعتوں سے بات چیت ہوسکتی ہے ، متحدہ نے اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کی درخواست دی ہے لیکن اکثریتی پارٹی ہی اپوزیشن کا حق رکھتی ہے ۔ اتوار کے روز وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے سکھر ایئر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں کبھی کوئی چیز آخری نہیں ہوتی اور امید ہے کہ گورنر سندھ ضرور واپس آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزلوکل گورنمنٹ آرڈیننس ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی نے بنایا تھا اور پیپلزلوکل گورنمنٹ آرڈیننس میں بھی کوئی خرابی نہیں تھی ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ نے اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کے لئے درخواست جمع کرائی ہے لیکن اس کا فیصلہ سپیکر قانون کے مطابق ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بنچوں پر اکثریتی پارٹی کا حق ہوتاہے اور اکثریتی پارٹی کا ہی اپوزیشن لیڈر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم مفاہمت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں کسی سے عداوت نہیں۔ سندھ کے وزیر تعلیم کے حوالے سے ان کا کہناتھا کہ مجھے پیر مظہر الحق کے بیان کے متعلق کوئی علم نہیں لیکن انکا بیان انی جگہ مگر ہم تعلیم کو فروغ دینا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے بات چیت کے لئے تمام سیاسی پارٹیوں کے لئے دروازے کھلے ہیں اور اس حوالے سے پیر پگاڑا سے میری بات چیت نہیں ہورہی ۔