پاکستان سمیت پوری دنیادہشت گردی کی لپیٹ میں ہے،مشکل حالات میں جوانمردی کا مظاہرہ کرنا ہے، دشمن اپنے ناپاک ارادوں کے حصول کے لئے زیر زمین سرگرمیوں میں مصروف رہتا ہے، اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، تباہ کن سیلاب میں پاک فوج نے مثالی نوعیت کا کردار ادا کیا ، جنرل آفیسر کمانڈر پنو عاقل چھاؤنی21 ڈویژن میجر جنرل نوید احمد کا سندھی سپیشل ریکروٹس کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب

جمعہ 1 مارچ 2013 22:04

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1مارچ۔2013ء) جنرل آفیسر کمانڈر (جی او سی)پنو عاقل چھاؤنی21 ڈویژن میجر جنرل نوید احمد (ہلال امتیاز ) نے کہا ہے کہ پوری دنیا خصوصاً پاکستان دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے ان مشکل حالات میں جوانمردی کا مظاہرہ کرنا ہے کیوں کہ یہ جنگ روایتی نہیں اس جنگ میں دشمن بظاہر نظر نہیں آتا لیکن خفیہ طور پر اپنے ناپاک ارادوں کے حصول کے لئے زیر زمین سرگرمیوں میں مصروف رہتا ہے ان نازک حالات میں ہماری ذمہ داری ہے کہ دہشت گردی کی مذمت کریں اور دنیا کو بتادیں کہ اسلام امن پسند دین ہے جو لوگوں کی جان ،مال عزت وآبرو کی حفاظت پر زور دیتاہے اور اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ۔

وہ جمعہ کو یہاں پنوعاقل چھاؤنی میں سندھی ا سپیشل ریکروٹس کورس 4 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج کا اصل مقصد سرزمین پاک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کا دفاع کرنا ہے اور یہ اسی صورت ممکن ہے کہ ہم اپنی پیشہ وارانہ تربیت میں کسی قسم کی غفلت نہ برتیں۔پاکستانی فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر پوری قوم کو فخر ہے انہوں نے ریکروٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے دینی اور قومی اعزاز حاصل کیا ہے وہیں پر ایک کڑی آزمائش میں ایک سچے مجاہد کی طرح دن رات لگن،جانفشانی اور خلوص نیت سے کام کرکے دین و ملت کا نام روشن کرنا ہے اور ضرورت کے وقت اپنا تن، من اور دھن اس کی عزت و قار پر قربان کرنا ہے اور پاک فوج کا ماضی بہترین فوجی روایات کا حامل رہا ہے اور مستقبل میں بھی پاک فوج ان کو زندہ رکھے گی ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں 2010 ، 2011 اور2012 کے تباہ کن سیلاب میں پاک فوج نے مثالی نوعیت کا کردار ادا کیا سینکڑوں جانیں ضایع ہوئی لاکھوں لوگ بے گھر اور فصلیں تباہ ہوئیں جہاں پاک فوج نے دن رات ایک کرکے ہر دشوار گزار مقامات تک امداد پہنچائی ،مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت و طبی امداد اور ادویات فراہم کیں تمام ضلعوں میں آرمی ریلیف کیمپوں کا قیام اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک فوج مصیبت کی ہر گھڑی میں سندھ کے عوام کے ساتھ ہے انہوں نے کہا کہ فوج نے سندھی ریکروٹس کی بھرتی میں خصوصی دلچسپی لی جس کی وجہ سے سینکڑوں خاندانوں کے نوجوانوں نے فوج میں شمولیت اختیار کی ۔

انہوں نے ریکروٹس کے نظم و ضبط اور پریڈ کا معیار دیکھ کر سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بہترین تربیت کا نتیجہ ہے ۔اس موقع پر میجر جنرل نوید احمد نے دوران تربیت نمایاں کارکردگی پیش کرنے والوں کو انعامات اور شیلڈ ز دیئے۔