عوام کو دہشتگردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ کر انتخابات کی تیاری افسوسناک عمل ، حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بلا تفریق آپریشن کر کے عوام کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنائے ،مسلم لیگ ن ضلع سکھرکے ڈویژنل صدر سید نواز علی شاہ کا اجلاس سے خطاب

منگل 5 مارچ 2013 19:37

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔5مارچ۔2013ء) مسلم لیگ ن ضلع سکھرکے ڈویژنل صدر سید نواز علی شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک اور عوام کودہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑدیا ہے اور خودانتخابات کی تیاری میں مشغول ہے جو انتہائی افسوسناک عمل ہے حکومت کو چاہئے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بلا تفریق آپریشن شروع کر کے عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائے اور انہیں ہر ممکن تحفظ فراہم کرے۔

وہ منگل کو سکھر میں ڈویژنل آفس میں اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما امداد محمد شاہ ، سعد اللہ مہیسر ، مولانا عبدالقیوم ،لالہ اکرام و دیگر رہنماؤں سمیت کارکنان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سید نواز علی شاہ نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے سیکورٹی کے ناقص انتظامات اوراتحادیوں کو خوش کرنے کیلئے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی نہ کر کے پاکستان کی سر زمین کو دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال بنا دیا گیا ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ سانحہ عباس ٹاؤن سیکورٹی کے ناقص انتظامات کے باعث پیش آیا ہے جس کی تمام ذمہ داری موجودہ حکومت پر عائد ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن سانحہ عباس ٹاؤن میں ہلاک ہونے والے افراد کے سوگوران کے دکھ و رنج میں برابر کے شریک ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے اور کراچی سمیت ملک کے عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے بعد ازیں اجلاس سانحہ عباس ٹاؤن میں ہلاک ہونے والے افراد کیلئے فاتحہ خوانی اورزخمی ہونے والے افراد کی دعا صحت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :