الیکشن ہماری مجبوری ہے نہ کاروبار‘ اگر الیکشن 62,63پر عمل کرتے ہوئے صاف و شفاف اور آزادانہ ہوتے دکھائی نہ دیئے تو ہم اس انتخابی نظام کے خلاف عوامی جدوجہد کو جاری رکھیں گے‘ الیکشن کمیشن کے اب تک کے اقدامات اور کمزور فیصلوں سے اس کی غیر جانبداری اور آزادانہ حیثیت 18کروڑ عوام کی نگاہوں میں مشکوک ہوگئی ہے، پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا ورکرز کنونشن سے خطاب

پیر 11 مارچ 2013 17:02

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 11مارچ 2013ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہاہے کہ الیکشن ہماری مجبوری ہے نہ کاروبار اگر الیکشن 62,63پر عمل کرتے ہوئے صاف و شفاف اور آزادانہ ہوتے دکھائی نہ دیئے تو ہم اس انتخابی نظام کے خلاف عوامی جدوجہد کو جاری رکھیں گے ۔ الیکشن کمیشن کے اب تک کے اقدامات اور کمزور فیصلوں سے اس کی غیر جانبداری اور آزادانہ حیثیت 18کروڑ عوام کی نگاہوں میں مشکوک ہوگئی ہے اور یوں لگتا ہے کہ الیکشن کمیشن چند ایک سیاسی جماعتوں کے دباوٴ میں آکر کرپٹ سیاست کو جتوانے اور ریاست پاکستان کو ہروانے کی سازش کا حصہ بنتا جارہاہے ۔

ڈگریوں کے حوالے سے اپنے اصولی موقف سے پاسپائی کے بعد الیکشن کمیشن کاغذات نامزدگی کے نئے فارم سے بھی پیچھے ہٹتا نظر آرہا ہے۔

(جاری ہے)

وہ یہاں ورکر ز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے‘ اس موقع پر امیر تحریک سید ہدایت رسول قادری، صدر PATپنجاب چوہدری بشارت جسپال ،انجینئر محمد رفیق نجم ، رانا طاہر سلیم ، میاں عبدالقادر، چوہدری سخاوت صغیر ، میاں کاشف محمود ، رانا نثار شہزاد ، حاجی امین القادری ، عزیزالحسن اعوان ، عبدالجبار بٹ ، میاں امجد قادری ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات غلام محمد قادری بھی موجود تھے ۔

رحیق احمد عباسی نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر ملک و قوم کا سودا ہو رہاہے کروڑوں غیور عوام آمرانہ جمہوریت کی چھتری تلے ہونے والے مک مکا کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ 17مارچ کو لیاقت باغ کے تاریخی گراوٴنڈ کا جلسہ ملک میں مثبت و تعمیری سیاست اور حقیقی جمہوریت کی بنیادثابت ہوگا ۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری جلسہ میں قوم کے سامنے اہم حقائق سے پردہ اٹھائیں گے ۔