نوشہرو فیروز میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، صارفین کو مشکلات کا سامنا

منگل 12 مارچ 2013 20:39

نوشہرو فیروز(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔12مارچ۔ 2013ء)نوشہروفیروزمیں موسم گرما کی آمد سے قبل ہی سیپکو محراب پور اعلانیہ 6گھنٹے لوڈشیڈنگ کی بجائے 12تا15گھنٹے سے زائد غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع کردی ہے جس کی وجہ سے فرنیچر مارکیٹ ،الیکڑونکس مارکیٹ،موبائل مارکیٹ ،کمپیوٹر مارکیٹ ،چکی آرا میشن ،ویلڈنگ اور کاروبار کیساتھ ساتھ گھریلو صارفین کو سخت تکلیف کا سامنا ہے ، سیپکومحراب پور کی اس غیرقانونی لوڈشیڈنگ پر شہری اتحاد محراب پور،ٹریڈ یونین ،اسمال تاجر ایسوسی ایشن ،آٹوز یونین ،فرنیچر مارکیٹ ایسوسی ایشن ،عمرکلاتھ مارکیٹ ایوسی ایشن گلشن کلاتھ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آغا بشیر احمد،عبدالخالق مغل،خلیق الرحمن خالد،محبت علی ملک،محمد عظیم مغل،محمد علی ملک، مشتاق احمد، جاوید اقبال نے صحافیوں کو بتایا کہ پہلے سیپکو محراب پور کا چارج ایک نااہل اور جونیئر لائن سپرینڈنٹ عبد القدیر کو دے دیا گیا اب محراب پور سٹی فیڈر پر ایک اور نااہل لائن سپرینڈنٹ جان محمد میمن کو مقرر کردیا گیا ہے جس نے آتے ہی چھ گھنٹے کی بجائے بارہ تا پندرہ گھنٹے لوڈشیڈنگ شروع کردی ہے جبکہ ان کی آشیرباد سے شاہی بازار اور کمرشل ایریا میں سرعام ماہانہ پانچ سو روپے میں ڈائریکٹ تاریں لگوا دیں اور ان ہزاروں ڈائریکٹ کنیکشن سے چوری والی بجلی غیراعلانیہ 12گھنٹے سے زائد بجلی کی لوڈشیڈنگ کرکے پوری کرنے کی کوشش کی جارہی ہے انہوں نے سیکریٹری وزرات پانی وبجلی تسنیم قریشی، سیپکوچیف نوراحمد دایو سے مطالبہ کیا ہے کہ محراب پور کے ٹریننگ پر جانیوالے اسٹنٹ منیجر کی جگہ فوری طور پر مستقل اسسٹنٹ منیجر کا تقرر کرکے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے بصورت دیگر تاجر سخت احتجاج پر مجبور ہونگے